Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زہریلی مچھلی کھانے کے باعث خاتون کے دونوں ہاتھ اور پاؤں ضائع ہوگئے

زہر آلود مچھلی کھانے کے باعث لاورا کی سرجری کی گئی جس کے بعد اُن کے دونوں ہاتھ اور پاؤں کاٹ دیے گئے ہیں۔ (فوٹو: گو فنڈ می)
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں زہریلی مچھلی کھانے کے باعث ایک خاتون اپنے دونوں ہاتھوں اور پاؤں سے محروم ہوگئی ہے۔
اس خاتون نے کچی ’تلاپیا مچھلی‘ کھائی جو کے زہریلے بیکٹیریا سے بھرپور تھی۔
نیو یارک پوسٹ کی خبر کے مطابق اس خاتون کا نام لاورا براجاس ہے جس کی عمر 40 برس ہے۔
لاورا براجاس کئی مہینوں سے ہسپتال میں داخل تھیں جس کے بعد جمعرات کو اُن کی سرجری ہوئی ہے۔
خاتون کی دوست اینا میسینا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’یہ ہم سب کے لیے بہت تکلیف دہ صورتحال تھی۔ یہ بہت خوفناک واقعہ ہے۔ ایسا واقعہ ہم میں سے کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا تھا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ لاورا نے یہ مچھلی سین ہوزے کی ایک مقامی مارکیٹ سے خریدی اور پھر گھر لا کر پکائی جس کے بعد وہ بیمار ہوگئیں۔
اینا میسینا کہتی ہیں کہ ’وہ اپنی زندگی سے تقریبا ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔ انہیں مصنوعی سانس لگانا پڑا۔ انہیں ڈاکٹروں نے طبی کومے میں ڈال دیا۔ اُن کی انگلیاں، پاؤں اور ہونٹ سیاہ ہوگئے تھے۔ انہیں سیپس کی بیماری ہوگئی تھی اور اُن کے گردے کام کرنا چھوڑ رہے تھے۔‘
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ یہ مچھلی زہر آلود بیکٹریا ’وِبرِیو وُلنِیفیکس‘ سے بھرپور تھی۔ یہ بیکٹیریا سمندر کے پانی اور سی فوڈ میں پایا جاتا ہے۔
خیال رہے اِس بیماری کے باعث لاورا کی سرجری کی گئی جس کے بعد اُن کے دونوں ہاتھ اور پاؤں کاٹ دیے گئے ہیں۔
 

شیئر: