Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ ریلیز ہونے کے بعد آئی سی سی پر ٹرولنگ جاری ’اسے نیٹ بند کر کے اپلوڈ کرنا تھا‘

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ بدھ کو ریلیز کیا گیا ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین گریب)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے ماہ سے انڈیا میں شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ ریلیز کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے آفیشل ترانہ بدھ کو ریلیز کیا جس کا ٹائٹل ’دل جشن بولے‘ ہے۔
 
ورلڈ کپ کے اس ترانے کی مرکزی کاسٹ میں بالی وُڈ کے سپرسٹار اداکار رنویر سنگھ شامل ہیں جبکہ اسے پریتم، نقاش عزیز اور سری راما چندرا سمیت دیگر فنکاروں نے گایا ہے۔
دل جشن بولے کی موسیقی بھی پریتم نے ترتیب دی ہے جبکہ اس شلوک لال اور ساویری وَرما نے لکھا ہے۔
اگر ترانے کی بات کی جائے تو اِس کی ویڈیو میں رنویر سنگھ ’ون ڈے ایکسپریس‘ نامی ٹرین پر سوار ہو کر کرکٹ مداحوں کے ساتھ پرفارم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
گانے کی ویڈیو میں رنویر سنگھ کے ساتھ پریتم بھی ون ڈے ایکسپریس ٹرین کی چھت پر سوار دکھائی دیتے ہیں۔
 ورلڈ کپ کا یہ نغمہ ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین آئی سی سی پر شدید ٹرولنگ کر رہے ہیں۔
بھومیکا نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’نیٹ بند کر کے اپلوڈ کرنا تھا۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل زکر ڈاکٹر نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنے گلی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے بھی یہ منظور نہ کرتا۔ کیا ڈھونگ ہے۔’
 
عرفان نے 2015 میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آفیشل سونگ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سادہ لیکن بہت ہی شاندار، خوبصورت اور کانوں کو چھو لینے والا، آپ سرکس بنانے کی بجائے اس نغمے کو ہی دوبارہ استعمال کر لیتے۔‘
 
وقاص احمد نے تبصرہ کیا کہ ’مبالغہ آرائی نہیں کر رہا لیکن یہ حالیہ کچھ وقت میں میں نے سب سے بکواس میوزک سنا ہے۔ بالکل بیکار۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل پاکستانی شاہینز بریگیئڈ نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ہمارے پیارے چاہت فتح علی خان بھی اس ترانے سے زیادہ اچھا ترانہ بنا لیتے۔‘
 

احمد نے سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کا ویڈیو کلپ بطور میم شیئر کر دیا۔
 
سعد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اچھا تھا آپ اسے ڈرافٹ میں ہی رہنے دیتے (یعنی ریلیز نہ کرتے۔‘
 

خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہوگا۔
 

شیئر: