Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس گیمز میں حجاب پر پابندی: خواتین کو یہ مت بتائیں کہ کیا پہننا ہے، اقوام متحدہ

فرانس نے 2010 میں پورے چہرے کو ڈھانپنے کو غیر قانونی قرار دیا تھا (فوٹو: اے پی)
فرانس نے 2024 کے پیرس گیمز کے دوران اپنے اولمپک ایتھلیٹس کو حجاب پہننے سے روک دیا ہے جس پر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ خواتین کے لیے ڈریس کوڈز کی پابندی کے خلاف ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان مارٹا ہرٹاڈو نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ’کسی کو بھی کسی عورت پر یہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے کہ اسے کیا پہننا چاہیے اور کیا نہیں پہننا چاہیے۔‘
ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب فرانسیسی وزیر کھیل نے کہا کہ ملک کے سیکولرازم کے سخت قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو گیمز کے دوران حجاب پہننے سے روک دیا جائے گا۔
فرانسیسی وزیر کھیل ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا نے اتوار کو یہ بات دہرائی کہ حکومت کھیلوں کے مقابلوں کے دوران مذہبی علامتوں کی نمائش کی مخالف ہے۔
انہوں نے فرانس 3 ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ’اس کا کیا مطلب ہے؟ اس کا مطلب ہے کہ کسی بھی قسم کی مذہب پرستی پر پابندی۔ اس کا مطلب ہے مکمل غیر جانبداری۔ فرانس کی ٹیم سر پر حجاب نہیں پہنے گی۔‘
مارٹا ہرٹاڈو نے فرانس کے موقف پر کوئی براہ راست تبصرہ نہیں کیا، لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کی تمام اقسام کے خاتمے سے متعلق بین الاقوامی کنونشن نے امتیازی سلوک کو مسترد کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’فرانس سمیت کنونشن میں شامل کسی بھی ریاستی فریق کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماجی یا ثقافتی روایت میں ترمیم کرے جو کسی بھی جنس کی کمتری یا برتری کے خیال پر مبنی ہوں۔‘
انہوں نے نشاندہی کی کہ ’کسی گروپ کے خلاف امتیازی سلوک کے نقصان دہ نتائج ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مذاہب یا عقائد کے اظہار پر پابندیاں، جیسے کہ لباس کا انتخاب، صرف خاص حالات میں قابل قبول ہے۔‘
مارٹا ہرٹاڈو نے کہا کہ اس کا مطلب ایسے حالات ہیں ’جو عوامی تحفظ، امن عامہ، یا صحت عامہ یا اخلاقیات کے جائز خدشات کو ضروری اور متناسب انداز میں حل کرتے ہیں۔‘

فرانس کی کونسل آف سٹیٹ نے خواتین فٹبالرز کے حجاب پہننے پر پابندی کو برقرار رکھا (فوٹو: اے ایف پی)

فرانس میں مذہبی لباس پر ملک کے سیکولرازم کے سخت قوانین کے تحت پابندی ہے۔ اس کا مقصد ریاست کو مذہبی معاملات میں غیر جانبدار رکھنا ہے، جبکہ شہریوں کو آزادی سے اپنے مذہب پر عمل کرنے کے حق کی ضمانت دینا ہے۔
فرانس نے 2010 میں پورے چہرے کو ڈھانپنے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔
جون میں فرانس کی کونسل آف سٹیٹ نے خواتین فٹ بالرز کے حجاب پہننے پر پابندی کو برقرار رکھا۔

شیئر: