Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر ایئرویز مزید تین سعودی شہروں سے پروازیں شروع کرے گی

العلا کے لیے پروازوں کا آغاز 29 اکتوبر سے کیا جا ئے گا ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی ایک عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو قطر ایئرویز کی تاریخی مقام العلا، تبوک کے لیے اور ینبع میں دوبارہ فلائٹس آپریشن شروع کرنے سے فروغ حاصل ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق قطر کے قومی کیریئر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ قطر ایئر ویز 29 اکتوبر 2023 سے العلا کے لیے آپریشن شروع کرے گی، اس کے بعد 6 دسمبر 2023 سے ینبع  جب کہ 14 دسمبر 2023 سے  تبوک کے لیے فضائی آپریشن کا آغاز کرے گی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ یہ نئے روٹس سعودی عرب کے امیر ثقافتی ورثے اور قدرتی عجائبات کو تلاش کرنے کے لیے مسافروں کو مزید اختیارات فراہم کریں گے۔‘
ان نئے روٹس کے اضافے کے بعد قطری ایئر لائن کے زیر احاطہ سعودی شہروں کی تعداد ہفتہ وار 125 سے زائد پروازوں کے ساتھ نو ہو گئی ہے۔
سعودی شہروں میں العلا، دمام، قصیم، جدہ، مدینہ، ریاض، تبوک، طائف اور ینبع شامل ہیں۔
قطر ایئر ویز گروپ کے سی ای او اکبر البکر نے نئے روٹس کے آغاز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہم سعودی عرب میں العلا، ینبع اور تبوک کو اپنی نئی منازل کے طور پر متعارف کرانے پر بہت خوش ہیں۔ یہ شہر ثقافتی، تاریخی اور قدرتی تجربات کی دولت پیش کرتے ہیں اور ہمیں دنیا بھر کے مسافروں کو ان قابل ذکر مقامات سے جوڑنے پر فخر ہے۔‘
العلا، ینبع اور تبوک کے نئے روٹس سے توقع ہے کہ وہ تجارتی اور تفریحی سفر کو آسان بنا کر سعودی عرب اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات اور ثقافتی تبادلوں کو مزید مضبوط کریں گے۔
العلا، قدیم چٹانوں کی شکلوں کے ساتھ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی جگہ دو ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ خدمت کی جائے گی۔
ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ان نئے اور دلچسپ گیٹ ویز سے سفر کرنے والے سعودی عرب کے مسافر چین، یورپ، انڈونیشیا، جاپان، کوریا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور امریکہ سمیت دنیا بھر کے 160 سے زیادہ مقامات سے بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کا لطف اٹھائیں گے۔‘
سعودی پریس ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب 2023 کے پہلے سات مہینوں کے دوران سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔
سعودی وزارت سیاحت کے مطابق 2019 کی اسی مدت کے مقابلے جولائی کے آخر تک مملکت میں سیاحوں کی تعداد میں 58 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

شیئر: