Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں دس ارب درخت لگانے کے روڈ میپ کا اعلان 

مملکت کے مختلف علاقوں میں روزگار کے متعدد مواقع مہیا ہوں گے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے ریاض کی میزبانی میں مشرق وسطی و شمالی افریقہ میں کلائمیٹ ویک  کے دوران  دس ارب پودے لگانے کے روڈ میپ کا اعلان کیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شجر کاری مہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جاری کردہ گرین سعودی انشیٹو  کے تحت چلائی جائے گی۔
سعودی عرب ملکی و بین الاقوامی سطح پر اس بات کا عہد کیے ہوئے ہے کہ موسمیات سے متعلق تمام ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹا جائے گا اور شجرکاری کے ذریعے اقتصادی و سماجی فوائد حاصل کرکے عوام کی زندگی کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔ 
 روڈ میپ مملکت کے تمام علاقوں میاں نباتات کی افزائش کے لیے ڈیزائن کردہ سٹریٹجک  پلان پر مشتمل ہوگا۔ اس کے تحت شہروں اور شاہراہوں پر بھی شجرکاری ہوگی۔  
ماہرین نے توقع ظاہر کی کہ بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم سے شہروں میں درجہ حرارت 2.2 سینٹی گریڈ تک کم ہوجائے گا۔ آب و ہوا کا معیار بہتر ہوگا۔
شجر کاری روڈ میپ پر عمل درآمد سے مملکت کے مختلف علاقوں میں روزگار کے متعدد مواقع مہیا ہوں گے۔
روڈ میپ کے تحت نہ صرف پودے لگائے جائیں گے بلکہ زرعی اراضی کو زیر کاشت لایا جائے گا۔ مختلف پودوں اور پھولوں کے بیج بھی بوئے جائیں گے۔ 
نئے پارک اور نئے محفوظ قومی جنگلات بھی قائم ہوں گے۔ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے آبپاشی کا اہتمام کیا  جائے گا۔ 
گرین سعودی عرب انشیٹو پوری دنیا میں درختوں کی باز آباد کاری کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔  دس ارب درختوں کی شجر کاری کے اعلان کا پہلا  ہدف مملکت بھر میں تقریبا چالیس ملین ہیکٹر اراضی ٹھیک کرنا تھا۔ اب اس کا ہدف 74.8 ملین ہیکٹر اراضی کی اصلاح کرنا ہے۔
دس ارب درختوں کی شجر کاری کا ہدف پوری دنیا میں شجر کاری کا ایک فیصد ہے۔ سعودی عرب میں 2017 سے 2023 کے درمیان 41  ملین پودے لگائے جاچکے ہیں۔ 
روڈ میپ دو سالہ مفصل سائنٹفک سٹراٹیجک جائزے کی بنیاد پر تیارکیا گیا ہے۔ 
سعودی عرب میں دو ہزار سے زیادہ اقسام کے پودے ہیں۔ توقع ہے 2030 تک سعودی عرب میں 600 ملین سے زیادہ پودوں کی شجرکاری ہوچکی ہوگی۔ 

شیئر: