Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے ڈیزائن کی نقاب کشائی

مسافروں کی آمدورفت چار لاکھ سے بڑھ کر60 لاکھ تک ہو جائے گی۔ فوٹو عرب نیوز
رائل کمیشن فار العلا گورنریٹ نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے ساتھ مل کر ایک تقریب میں ہفتے کو العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دوسرے ٹرمینل کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ڈیزائنرز کے درمیان مقابلے کا مقصد تاریخی نخلستان کے قدیم ورثے کی عکاسی کرنا اور قدرتی اور ثقافتی ماحول سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
رائل کمیشن فار العلا گورنریٹ کے بیان کے مطابق ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے سے مختلف بین الاقوامی اور مقامی مقامات کے لیے فضائی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
العلا کو مملکت کے شمال مغرب میں ایک  بین الاقوامی لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا ہے۔
ائیرپورٹ کی نئی توسیع سے دنیا کے سب سے بڑے اوپن ایئر میوزیم کے لیے مسافروں کی آمدورفت کی سالانہ گنجائش میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔
مارچ 2021 میں بین الاقوامی حیثیت سے بنائے گئے اس ائیرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت چار لاکھ سے بڑھ کر 60 لاکھ  تک ہو جائے گی۔
العلا ایئرپورٹ کے کل رقبے کو تقریباً 24 لاکھ مربع میٹر تک وسعت دی جا رہی ہے۔
نئے ڈیزائن میں شامل توسیعی منصوبے میں بین الاقوامی معیار کا ہوٹل، مساج سنٹر اور مختلف خدمات اور سہولیات شامل ہیں جو العلا  آنے والے زائرین کے لیےخوشگوار حیرت کا باعث بنیں گی۔ 

نئے ٹرمینل کو بین الاقوامی معیار اور جدید آلات سے مربوط کیا جائے گا۔ فوٹو ایکس

دنیا کے سب سے بڑے اوپن میوزیم کے ساتھ متصل اس ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کو بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے والے جدید تکنیکی انفراسٹرکچر اور آلات سے مربوط کیا جائے گا۔
قدیم نخلستان کی شناخت اجاگر کرنے کے لیے علاقے کے تہذیبی، ثقافتی اور ماحولیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کی ترقی کے مطابق ہے۔
 

شیئر: