Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کا اسرائیل پر سفید فاسفورس بم حملوں کا الزام، ’سلامتی کونسل جائیں گے‘

لبنانے وزیر نے اسرائیل پر ’جان بوجھ کر لبنان کے جنگلات جلانے‘ کا الزام لگایا (فوٹو:اے پی)
لبنان نے منگل کو اسرائیل پر سفید فاسفورس بم حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں اس کے خلاف شکایت جمع کرائے گا۔
لبنان کا یہ بیان لبنانی وزیر کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل کے آگ لگانے والے ہتھیار نے زیتون کے 40 ہزار درختوں کو جلا ڈالا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حقوق کے گروپوں اور لبنانے حکام نے بارہا اسرائیل پر ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس کی زد میں اگر کوئی شخص آ جائے تو وہ جل سکتا ہے تاہم اسرائیل نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
لبنان کے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب نے کہا ہے کہ ’میں نے اقوام متحدہ میں لبنانی مشن کو سلامتی کونسل میں ایک نئی شکایت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے تاکہ لبنان پر اسرائیل کے سفید فاسفورس (بم) حملوں کے استعمال کی مذمت کی جا سکے۔‘
انہوں نے ایک بیان میں اسرائیل پر ’جان بوجھ کر لبنان کے باغات اور جنگلات کو جلانے‘ کا الزام لگایا۔
فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے سات اکتوبر کو اسرائیل پر تباہ کن حملے کے بعد لبنان کی جنوبی سرحد پر اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق لبنان میں جھڑپوں میں کم از کم 62 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر حزب اللہ کے عسکریت پسند جبکہ روئٹرز کے ایک صحافی سمیت چار شہری بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ  آٹھ افراد مارے گئے جن میں فوجی اور عام شہری شامل ہیں۔
اسرائیلی حملوں سے سرحدی علاقے میں زیتون کے باغات بھی جُھلس گئے جبکہ لبنان کے جنوب میں منگل کو ایک آگ تاحال بھڑک رہی ہے۔
وزیر زراعت عباس الحاج حسن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے سفید فاسفورس حملوں سے لبنان کے جنوب میں 40,000 زیتون کے درخت جل گئے ہیں۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’وزارت کو ابتدائی سروے میں یہ پتہ چلا کہ  ہمارے علاقوں پر اسرائیلی دشمن کی فاسفورس بمباری کے نتیجے میں  مرتبہ128 آگ لگی۔‘
واضح رہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق عام شہریوں کے خلاف فاسفورس (گندھک) کے بم استعمال کرنے پر پابندی ہے۔
اس سے قبل منگل کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ اس کے پاس 10 اور 16 اکتوبر کے درمیان جنوبی لبنان میں ’اسرائیل کی جانب سے سفید فاسفورس کے غیر قانونی استعمال کے ثبوت‘ ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر رواں ماہ کے اوائل میں غزہ اور لبنان میں سفید فاسفورس استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا تھا جس کی اسرائیل نے تردید کی تھی۔

شیئر: