Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن نے محصور غزہ کے ہسپتال میں فضا سے طبی سامان گرایا

اردن کی فضائیہ نے پیراشوٹ کے ذریعے ہسپتال میں سامان گرایا۔ (فوٹو: ایکس شاہ عبداللہ دوم)
اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ اتوار کو رات گئے مملکت کے فیلڈ ہسپتال کو فوری طور پر درکار طبی سامان فضا سے گرایا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری نڈر ایئرفورس کے اہلکاروں نے آدھی رات کو غزہ میں اردنی فیلڈ ہسپتال میں فضا سے طبی امدادی گرائی ہے۔ غزہ کی جنگ میں زخمی ہونے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔ ہم ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہوں گے۔‘
اردن کے سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا نے مسلح افواج کی جنرل کمان کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’شاہی فضائیہ کے ایک طیارے نے غزہ میں اردن کے فیلڈ ہسپتال کو پیراشوٹ کے استعمال کے ذریعے فوری طبی امداد پہنچائی ہے جس کی سپلائی رفح راہداری کے ذریعے امداد کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے ختم ہونے والی تھی۔‘
گزشتہ ہفتے اردن نے غزہ جنگ کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل سے احتجاجا اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔
اردن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل سے کہا گیا ہے کہ’ وہ اپنا سفیر اردن نہ بھیجے۔‘
اتوار کو غزہ میں جنگ 30واں دن تھا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس نے 240 افراد کو یرغمالی بنایا تھا۔
حماس کے زیرانتظام وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جوابی حملوں میں اب تک نو ہزار 770 فلسطینی ہلاک کیے ہیں جو زیادہ تر عام شہری ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شمال کی جانب فوج نے غزہ شہر کا محاصرہ کر لیا ہے جو فلسطین کو دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے۔

شیئر: