Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ: انڈیا ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست، نیدرلینڈز کو 160 رنز سے ہار

وراٹ کوہلی نے سکاٹ ایڈورڈز کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 45ویں میچ میں انڈیا نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی ہے۔
انڈیا کی جانب سے دیے گئے 411 رنز کے ہدف کے جواب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 250 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے تیجا ندرامنُورُو نے 54، سائی برینڈ اینجل بریکٹ نے 45 اور کولن ایکرمین نے 35 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے محمد سراج، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اتوار کو بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے شریاس ایئر نے 128، کے ایل راہُل نے 102 جبکہ کپتان روہت شرما نے 61 رنز سکور کیے۔
نیدرلینڈز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے بس ڈی لیڈے نے دو جبکہ پاؤل وین مِیکیرن اور روئلوف فین ڈر مروا ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں آج اپنا آٹھواں میچ کھیل رہی تھی جبکہ یہ میچ میگا ایونٹ کے گروپ مرحلے کا آخری میچ تھا۔
 
انڈیا نے اس ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں 9 میچ کھیلے جس میں وہ تمام میچ جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ نیدرلینڈز کو 9 میچوں میں سے 7 میں شکست اور 2 میں جیت حاصل ہوئی۔
انڈیا 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کولکتہ میں ہوگا۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
انڈیا کی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، جسپریت بمراہ، محمد شامی، کلدیپ یادو اور محمد سراج شامل تھے۔
نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون
نیدرلینڈز کی ٹیم میں ویسلے بریسی، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، سائی برینڈ اینجل بریکٹ، سکاٹ ایڈورڈز (کپتان، وکٹ کیپر)، بس ڈی لیڈے، تیجا ندا منُورُو، لوگن وین بِیک، روئلوف فین ڈر مروا، اریان دت اور پاؤل وین مِیکیرین شامل تھے۔

شیئر: