Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس، 13 قراردادیں جاری

کابینہ نے اٹلی کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے گلوبل بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن الائنس میں سعودی عرب کی شمولیت کی منظوری دے دی۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض میں منعقد ہوا۔ 
سعودی کابینہ نے خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک میں مشترکہ سیکیورٹی یکجہتی کا معیار بلند کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ خلیج سمیت پوری دنیا مختلف قسم کے چیلنجوں اور خطرات سے گزر رہی ہے۔
اس صورتحال نے تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا دائرہ وسیع کردیا ہے جبکہ امن و امان معدوم ہوتا جارہا ہے اور سرحد پار منظم جرائم  پھیل  رہے ہیں۔ 
سعودی کابینہ نے کہاکہ ایسے ماحول میں جی سی سی ممالک کے درمیان سیکیورٹی کے حوالے  سے مشترکہ یکجہتی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ 
کابینہ نے مچھلیوں کی مستقل افزائش کے لیے ریجنل سینٹر کے قیام کی منظوری دے دی۔ 
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے تیرہ قراردادیں جاری کی ہیں۔  
کابینہ نے ولی عہد اور برادر و دوست ممالک کے  قائدین کے ساتھ ان کی ملاقاتوں، رابطوں اور مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ کے تناظر میں توجہ دلائی کہ سعودی عرب خطے میں امن و امان کے قیام  اور اقوام عالم کی مزید ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ جدوجہد کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ 
کابینہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سعودی افریقی سربراہ کانفرنس فریقین کے درمیان تعاون اور شراکت کے شعبوں میں اہم موڑ ثابت ہوگی۔ 
کابینہ نے غزہ کے خلاف اندھی جارحیت اور ناکہ بندی ختم کرانے کے حوالے سے اسلامی عرب ہنگامی کانفرنس میں سعودی عرب کی دعوت پر لبیک کہنے پر برادر ممالک کے فرمانرواؤں، صدور اور قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ 
کابینہ نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب خواتین کے حقوق  کے تحفظ کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے اہداف کی حمایت جاری رکھے گا۔ 
کابینہ نے اٹلی کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 

چین کے ساتھ عائلی، تجارتی اورشہری مسائل میں عدالتی تعاون کے معاہدے کی منظوری دی(فوٹو، ایس پی اے)

چین کے ساتھ عائلی امور، تجارتی اورشہری مسائل میں عدالتی تعاون کے معاہدے کی منظوری دی  
تھائی لینڈ کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمت ی یادداشت اور عراقی خبر رساں ادارے کےساتھ تعاون کی مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوریاں دیں۔ 

شیئر: