Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سچن تندولکر کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، وراٹ کوہلی کی 50 ویں سینچری

یہ وراٹ کوہلی کی جاری ورلڈ کپ میں تیسری سینچری تھی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی نے ون ڈے کیریئر میں اپنی 50 ویں سینچری مکمل کر لی ہے جس کے ساتھ ہی سابق انڈین بیٹر سچن تندولکر کا ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
وراٹ کوہلی نے بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لیںڈ کے خلاف اپنی 50 ویں سینچری سکور کی۔
یہ وراٹ کوہلی کی اس ورلڈ کپ میں تیسری سینچری تھی جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 80 سینچریاں بنا لی ہیں۔
کنگ کوہلی کے نام سے جانے والے نئے عہد کے اس عظیم بیٹر نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے خلاف ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر عبور کیا۔
وراٹ کوہلی نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی 49 ویں سینچری بنا کر سچن تندولکر کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔
اس اننگز کے ساتھ وراٹ کوہلی نے سچن تندولکر کا کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
 
سچن تندولکر نے 2003 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں 673 ریکارڈ رنز بنائے تھے جسے کوہلی نے 20 برسوں بعد توڑ دیا ہے۔
وراٹ کوہلی کے اس عظیم ریکارڈ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کرکٹ ورلڈ کپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وراٹ کوہلی نے سچن تندولکر کے عرصہ دراز سے قائم ون ڈے فارمیٹ میں سینچریوں کے ریکارڈ کو اپنے نام کر لیا ہے جس کے بعد ممبئی میں تاریخ رقم ہوگئی ہے۔‘
 
انوبھوو اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’میں سچ میں رو رہا ہوں، میجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ میں کیسے جذبات کا اظہار کروں۔ کیا پلیئر ہے وراٹ کوہلی، میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔‘
 
آوشکار نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’اس سال کے بہترین لمحات میں سے ایک۔‘
 
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی وراٹ کوہلی کو اپنی ٹویٹ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’وراٹ کوہلی نے سچن تندولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘
 
مفدل ووہرہ اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’وراٹ کوہلی 50ویں سینچری بنانے کے بعد سچن تندولکر کے آگے جھکتے ہوئے۔ اس دن کا بہترین لمحہ۔‘
 

 

شیئر: