Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ٹیم کے کپتان مقرر

بابراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بوڑد نے بدھ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت  اور بورڈ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم کے ٹیسٹ اور ٹی 20 فارمیٹ میں نئے کپتانوں  کا تقرر کر دیا گیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے بلے باز شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ شان مسعود کو ٹیسٹ میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی ٹی20 میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
بورڈ نے ون ڈے فارمیٹ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کا ابھی تک اعلان نہیں کیا ہے۔
ایک دوسرے اعلامیے میں پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر محمد حفیظ کو میل کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے کوچنگ سٹاف کا  پورٹ فولیو تبدیل کر دیا ہے۔ بیان کے مطابق تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں کام کریں گے اور اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ آنے والے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان کرے گی۔
قبل ازیں  بابر اعظم نے ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ 
ایکس پر جاری اپنے بیان میں بابراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

بابر اعظم نے کہا کہ ’یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگ رہا ہے کہ یہ اس فیصلے کے لیے صحیح وقت ہے۔‘
بابر اعظم نے لکھا کہ ’وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر ون ٹیم بننا پوری ٹیم، کوچز اور مینیجمنٹ کی مجموعی کوشش تھی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پچھلے چار برسوں میں میں نے اُتار چڑھاؤ محسوس کیے لیکن میں نے پورے دل سے اور جنون سے پاکستان کی عزت اور فخر کو کرکٹ کی دنیا میں بحال رکھنے کی کوشش کی۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’میں بحیثیت کھلاڑی تیوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ میں نئے کپتان اور ٹیم کو اپنے تجربات کی روشنی میں سپورٹ کرتا رہوں گا۔‘

شیئر: