Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ ٹرافی پر مچل مارش کے پاؤں، ’انڈینز ہر چیز کو جذباتی بنا دیتے ہیں‘

ورلڈ کپ میں شکست کے بعد انڈین شائقینَ کرکٹ سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں(فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے اتوار کو کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو شکست دے کر بہت سے انڈین کرکٹ شائقین کے دل توڑ دیے جس کے بعد آسٹریلیا چھ ورلڈ کپ جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔
شکست کے بعد جہاں انڈین کرکٹ شائقین صدمے سے دوچار تھے وہیں ایک تصویر نے انہیں مزید ’پریشان‘ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ​​ٹوئٹر) پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں آسٹریلوی کرکٹر مِچل مارش کو ورلڈ کپ ٹرافی پر اپنے پاؤں رکھ کر آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔  
تصویر میں مارش ایک صوفے پر ٹانگیں پھیلا کر بیٹھے نظر آ رہے ہیں اور ان کے پیروں کے نیچے ورلڈ کپ ٹرافی ہے۔
یہ تصویر ابتدائی طور پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی جہاں سے وہ کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی۔
یہ تصویر ہوٹل کے کمرے کی دکھائی دیتی ہے جہاں آسٹریلوی ٹیم بیٹھی ہوئی تھی اور اپنی جیت کا جشن منا رہی تھی۔ 
اس تصویر پر انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ ورلڈ کپ کھیل کر ٹرافی تو حاصل کر سکتے ہیں مگر ٹرافی کی عزت نہیں کرسکتے۔‘ 
ایک اور ٹوئٹ میں ابھینیو شُکلا نے لکھا  کہ ’ایسا انسان ٹرافی کا حق دار نہیں ہو سکتا۔‘ 
ایک اور انڈین کرکٹ فین ستیش نے ٹوئٹ میں سابق انڈین کپتانوں کی ٹرافیز کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو ٹرافی کا حق دار نہیں، انہیں ٹرافی مل گئی، ورلڈ کپ ٹرافی کی عزت کرنا سیکھیں، انڈین فینز سے اس ٹرافی کی قدر پوچھیں۔‘ 
ایک اور صارف دِویا کَھنہ نے اپنی ٹوئٹ میں مچل مارش اور روہت شرما کی وائرل تصاویر شیئر کرتے ہوئے موازنہ کیا کہ ’جب کوئی چیز حاصل ہوجائے تو اس کی قدر یہ رہ جاتی ہے اور جب آپ کو چیز چاہیے ہو تو کیا صورتحال ہوتی ہے۔‘
جہاں کچھ انڈین فینز آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے وہیں کچھ شائقین نے آسٹریلوی پلیئر کی وائرل تصویر کا دفاع بھی کیا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ انڈینز ہر چیز کو بہت جذباتی بنا دیتے ہیں، ضروری نہیں کہ ہر ملک کے لوگ ایسا ہی کریں۔ یہ ان کی ٹرافی ہے وہ اس کے ساتھ جو مرضی کریں۔ 

شیئر: