Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں مزید افرادی قوت بھیجنا چاہتے ہیں، معاون خصوصی سمندر پار پاکستانیز

معاون خصوصی نے تقریباً 30 لاکھ پاکستانی کارکنوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر مملکت کی قیادت کی تعریف کی (فوٹو: وزارت اوورسیز پاکستانیز)
پاکستان کے معاون خصوصی برائے وزارت سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر ڈاکٹر عبداللہ ناصر ابوثنین اور نائب وزیر عدنان عبداللہ النعیم سے ملاقات کی اور پاکستان سے انسانی وسائل کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے فوری ترسیل پر تبادلہ خیال کیا۔
منگل کو وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق  سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ملاقات میں رہنماؤں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
معاون خصوصی نے تقریباً 30 لاکھ پاکستانی کارکنوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر مملکت کی قیادت کی تعریف کی۔
ملاقات میں رہنماؤں نے پاکستان سے سعودی عرب کو ہنرمند افرادی قوت کی برآمدات بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے پاکستانی کارکنوں کی ہنر مندی کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب میں مزید ہنر مند افرادی قوت بھیجنا چاہتی ہے اور انسانی سرمائے کی ترقی کے لیے سعودی تکامول کو پاکستان میں مزید ٹیسٹنگ اور تربیتی مراکز کھولنے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ایک آزاد ٹریننگ اور سرٹیفیکیشن کمپنی کے طور پر کام کرنے کے لیے تکامول کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ مزید یہ کہ ٹی وی ٹی سی پاکستان میں تربیتی اقدامات کے لیے بھی تعاون کر سکتا ہے۔ یہ قابل ذکر ہے کہ نوٹک اور ٹی وی ٹی سی بہت جلد ایم او یو پر دستخط کریں گے۔
انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر نے معاون خصوصی کی پیشکش کی تعریف کی اور تکامول کو ہدایت دی کہ وہ معاون خصوصی کی طرف سے دی گئی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے طریقے تلاش کرے۔
دونوں فریقوں نے پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
مزید کہا گیا کہ معاون خصوصی کا دورہ سعودی عرب پاکستان سے سعودی عرب کو افرادی قوت کی برآمد میں تیزی لانے کے لیے پاکستان کی قومی مہم میں انتہائی نتیجہ خیز رہا۔

شیئر: