Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کیسے سمندری اور فضائی راستوں سے غزہ میں انسانی امداد پہنچا رہا ہے؟

سعودی عرب نے 2 نومبر کو اپنی غزہ امدادی مہم کا آغاز کیا تھا (فوٹو: سپلائیڈ)
سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں 15 پروازوں کے ذریعے غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے سینکڑوں ٹن خوراک اور پناہ گاہوں کے لیے ضروری سامان محصور علاقے تک پہنچایا۔
عرب نیوز کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے غزہ کے لیے مملکت کا پہلا امدادی قافلہ روانہ کیا جو سامان سے لدے 30 ٹرک پر مشتمل تھا۔
سعودی چیریٹی کے وسائل اور سرمایہ کاری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمر الجتیلی نے عرب نیوز کو بتایا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے سمندری اور فضائی راستے سے امداد کی فراہمی شروع کر دی ہے۔ پہلی امداد 500 ٹن سامان پر مشتمل تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پندرہ ہوائی جہاز (مصر کے سب سے بڑے شہر) اعریش  پہنچے ہیں۔ ہم مصری ہلال احمر کے ساتھ بہترین تعاون کر رہے ہیں جو ہمیں رفح کراسنگ کے ذریعے براہِ راست امداد لے جانے کی اجازت دیتا ہے تاکہ اسے غزہ تک پہنچایا جا سکے۔‘
مزید سعودی امدادی کھیپ سمندر کے راستے شمال مشرقی مصر میں پورٹ سعید پہنچ رہی ہے جسے رفح کراسنگ لے جایا گیا ہے جہاں بین الاقوامی امدادی اداروں کے فراہم کردہ ٹرک ہفتوں سے غزہ میں داخل ہونے کے لیے اسرائیل کی جانب سے کلیئرنس کے منتظر ہیں۔
ڈاکٹر سمر اجتیلی نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران رفح بارڈر کراسنگ کا تین مرتبہ دورہ کیا جہاں انہوں نے متعدد بے گھر باشندوں سے ملاقات کی جو غزہ سے فرار ہو کر مصر میں محفوظ مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’امید ہے مزید امدادی طیارے عریش پہنچیں گے۔ ہمارے پاس سنیچر اور منگل کو پورٹ سعید جانے والے تین جہاز بھی موجود ہیں۔ ہم امداد فراہم کرتے رہیں گے۔ ہم غزہ کے لیے مزید امداد منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے 326 ٹرک غزہ میں داخل ہونے کے لیے رفح میں منتظر ہیں۔ 20 ایمبولینیسوں کے بیڑے سمیت مزید سعودی امداد آنے والے دنوں میں پورٹ سعید پہنچنے کی توقع ہے۔

20 ایمبولینیسوں کے بیڑے سمیت مزید سعودی امداد آنے والے دنوں میں پورٹ سعید پہنچنے کی توقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)

اتوار کو پہلا جہاز تقریباً 1,050 ٹن امداد لے کر جدہ سے مصر کے لیے روانہ ہوا جبکہ دوسرا (جہاز) رواں ہفتے کے شروع میں روانہ ہوا تھا۔
سعودی چیریٹی کے وسائل اور سرمایہ کاری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمر الجتیلی نے بتایا کہ اسرائیلی اس وقت (ایک وقت میں) صرف 30 ٹرکوں کو داخل ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔ جب وہ داخل ہوں گے تو ٹرکوں کو رفح سے کرامہ اور غزہ کے دیگر علاقوں تک جانے میں تین دن کا وقت لگے گا۔
سعودی عرب نے 2 نومبر کو اپنی غزہ امدادی مہم کا آغاز کیا تھا۔ سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والی عوامی عطیہ مہم میں اب تک 528 ملین ریال جمع ہو گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم جاری ہے۔
مہم شروع ہونے سے اب تک 9 لاکھ 19 ہزار سے زیادہ افراد نے غزہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے عطیات جمع کرائے ہیں۔
غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والے عطیہ مہم میں سب سے پہلے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے بعدازاں ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال کا عطیہ مرکز کے ساھم پورٹل میں جمع کیا گیا۔

شیئر: