Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید کی نگراں وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے ملاقات

امام کعبہ پروفیسر ڈاکٹر شیخ صالح بن عبداللہ بن حُمَید نے پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جمعے کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملاقات میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے۔‘
’وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں ترقی کے لیے سعودی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔‘
وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں کام کرنے والی پاکستان کی افرادی قوت کی سعودی حکومت کی جانب سے دیکھ بھال مثالی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خادم الحرمین شریفین اور ولی عہد سعودی عرب نے حال ہی میں غزہ کی صورتحال پر اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد سے دنیا کو مسلم امت کی جانب سے فلسطینیوں کی بلا مشروط حمایت کا واضح پیغام دیا۔‘
’ملاقات میں وزیرِ اعظم نے غزہ میں جاری نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور بچوں کے قتلِ عام کی بھرپور الفاظ میں مزمت کی۔ وزیرِ اعظم نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’امامِ کعبہ نے پاکستانی افرادی قوت کے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار کی تعریف کی۔ امام کعبہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا۔‘
’امام کعبہ نے نسل نو کی اسلامی اقدار کے مطابق تربیت پر زور دیا۔ امام کعبہ نے ان کے دورہ کے دوران پاکستان کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔‘
اس سے قبل امامِ کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید سے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی روابط پر محیط ہیں (فوٹو: وزارت داخلہ)

یہ ملاقات جمعے کو وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں امامِ کعبہ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی روابط پر محیط ہیں۔
بیان میں وزیر داخلہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
 پاکستانی عوام سرزمین حجاز سے بے حد پیار کرتے ہیں اور خادمین حرمین شریفین سے بے پناہ عقیدت رکھتے ہیں۔ امامِ کعبہ کی میرے گھر آمد میری خوش قسمتی اور میرے پورے خاندان کے لیے باعث سعادت ہے۔‘
ملاقات کے دوران امام ِکعبہ نے کہا کہ ’مسلمان عقیدہ توحید پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ معمولی اختلافات کو نفاق کا باعث نہیں بننے دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اُمت کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ فرقہ واریت اور غیر ضروری اختلاف ہیں۔‘
امامِ کعبہ نے کہا کہ ’ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہو گا اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا۔ ایک دوسرے کے دل جیتیں نا کہ اپنی رائے مسلط کریں۔‘
22 نومبر کو امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید چھ روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

شیئر: