Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان آسٹریلیا سے بہتر کھیلا ہے‘، محمد حفیظ کا میلبرن ٹیسٹ میں شکست پر بیان

دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست پر کہا ہے کہ بطور ٹیم پاکستان نے آسٹریلیا سے بہتر کھیلا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرکٹ اِنفو کے مطابق محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیم پر فخر ہے اور بطور ٹیم پاکستان نے اچھا کھیلا ہے۔
محمد حفیظ کہتے ہیں کہ ’ہم نے بطور ٹیم بہتر کرکٹ کھیلی ہے۔ مجھے اس پر فخر ہے۔ جس طرح ٹیم نے ہر ممکن کوشش میں اس میچ میں اٹیک کیا ہے۔ اگر میں بات کو مختصر کروں تو پاکستان نے آسٹریلیا سے بہتر کھیلا ہے۔‘
انہوں نے  مزید کہا کہ ’ہماری بیٹنگ جارحانہ تھی اور ہم بالکل ٹھیک جگہ پر بولنگ کر رہے تھے۔ یہ بات ضرور ہے کہ ہم نے غلطیاں کی ہیں جس کی وجہ سے ہم میچ ہارے ہیں لیکن بطور ٹیم میرے خیال سے ہمارے لیے بہت سی مثبت باتیں بھی تھیں جو میچ جیتنے کے لیے کافی تھیں لیکن بدقسمتی سے ہم میچ نہ جیت سکے۔‘
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق کی جانب سے سلپ میں کیچ گرانے پر محمد حفیظ کہتے ہیں کہ ’ہم نے دیکھا کہ وہاں عبداللہ ٹھیک طرح سے فیلڈنگ نہں کر رہے تھے۔ بطور ٹیم ہمیشہ ساتھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جب وہ اچھا نہ کھیل رہے ہوں۔‘
گرین شرٹس کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سب لڑکے ایک ساتھ کئی برسوں سے ٹریننگ کر رہے ہیں۔ عبداللہ نے سلپ میں فیلڈنگ اچھی کی ہے۔ یہاں مختلف کنڈیشنز میں فیلڈنگ نے شاید انہیں پریشان کر دیا ہو لیکن میں ابھی بھی یہ سمجھتا ہوں کہ وہ اچھے فیلڈر ہیں۔‘
سابق آل راؤںڈر نے مزید کہا کہ ’اگر ہم نے مواقعے ضائع نہ کیے ہوتے اور اہم لمحات میں اچھا کھیلتے تو میرے خیال سے شاید یہ میچ بہت جلدی ختم ہوگیا ہوتا اور ہم جیت جاتے۔ لیکن یہ کھیل ایسے ہی چلتا ہے، اگر آپ غلطی کرتے ہیں تو پھر ہار جاتے ہیں۔‘
خیال رہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: