Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی ٹیسٹ: دوسری اننگز میں پاکستان مشکلات کا شکار، سات وکٹیں گر گئیں

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز بنائے ہیں۔ یوں اسے آسٹریلیا پر 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔
جمعے کو جب کھیل ختم ہوا تو عامر جمال صفر اور محمد رضوان چھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے عامر جمال کی شاندار بولنگ کے بدولت آسٹریلیا کو 299 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔
مارنس لبوشین 60 اور مچل مارش 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے چھ اور آغا سلمان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عبداللہ شفیق پہلے اوور میں ہی مچل سٹارک کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔ یوں انہوں نے اپنا نام بھی کسی بھی ٹیسٹ میچ میں دونوں اننگز میں صفر پرآؤٹ ہونے والے بیٹرز کی فہرست میں شامل کرا لیا۔
اس سے اگلے اوور میں جوش ہیزل ووڈ کی ایک باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی ناکام کوشش میں کپتان شان مسعود نے بھی صفر پر اپنی وکٹ گنوا دی۔
اس مشکل وقت پر صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کو تھوڑا سہارا دیا اور سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد صائم تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
سعود شکیل کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ دو رنز بنا کر ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ساجد خان تھے وہ ہیزل ووڈ کی گیند پر صفر پر بولڈ ہوئے۔ اسی اوور میں ہیزل ووڈ نے آغا سلمان کو بھی صفر پر پویلین روانہ کر دیا۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز

میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ سٹیو سمتھ کو 38 رنز پر میر حمزہ نے آؤٹ کیا جبکہ مارنس لبوشین کو سلمان آغا نے پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹریوس ہیڈ 10 رنز پر عامر جمال کا شکار بنے، ان کے بعد ایلکس کیری بھی 38 کے سکور پر بولڈ ہوئے، اسی طرح مچل مارش اور ناتھن لیون بھی بالترتیب 54 اور پانچ کے سکور پر عامر جمال کا نشانہ بنے۔

مچل مارش 54 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کے بعد آنے والے جوش ہیزل وڈ کو بھی عامر جمال نے آؤٹ کیا، وہ کوئی رن نہ بنا پائے۔
جعمرات کو ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے تھے۔ اور بارش کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کی پہلی اننگز

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بنائے تھے۔ 
پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق اور صائم ایوب صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ شان مسعود نے 35 اور بابر اعظم نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔
جبکہ محمد رضوان 103 گیندوں پر 88 رنز بنا کرجوش ہیزل دوڈ کی گیند پر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 82 رنز بنائے۔ 
اس کے بعد ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حسن علی بھی کوئی رن نہ بنا سکے اور مچل سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔

شیئر: