Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کی تعداد ریکارڈ ایک کروڑ 35 لاکھ تک پہنچ گئی، سعودی وزیر حج

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ اس سال حج پورٹل کا دائرہ وسیع  کردیا (فوٹو: آفیشل ایکس اکاونٹ)
سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران 35 سے زیادہ کمپنیاں زائرین کی خدمت کریں گی۔ 
الاخباریہ کے مطابق پیر کو حج و عمرہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’کانفرنس میں 80 سے زیادہ ملکوں کے وزرا اور عہدیدار شریک ہیں۔ تمام شریک ممالک کے  ساتھ حج انتظامات کے حوالے سے معاہدے ہوگئے ہیں۔‘
سعودی وزیر حج کا کہنا تھا ’مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں نیا انفرا سٹرکچر قائم کرنے کے لیے پانچ ارب ریال سے زیادہ کے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔‘ 
’گزشتہ سال حج و عمرہ خدمات فراہم کرنے والے 40 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو ٹریننگ دی گئی جبکہ اس سال ایک لاکھ بیس ہزار سے زیادہ اہلکاروں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’عازمین میں آگہی کا معیار بلند کرنے کے  لیے کوشاں ہیں۔ محکمہ اوقاف کے تعاون سے آگہی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔‘ 
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ’وزارت ان ممالک سے آنے والے عازمین کی خدمت بھی کر رہی ہے جن کے مملکت میں حج مشن نہیں ہیں۔‘
’وزارت نے حج پورٹل کے ذریعے گزشتہ سال 67 ممالک کو سہولت دی تھی۔ اس سال حج پورٹل کا دائرہ وسیع  کر دیا گیا ہے۔ 126 ملکوں کو کم لاگت پر معیاری خدمات براہ راست فراہم  ہوں گی۔‘
وزیر حج نے مزید بتایا کہ انہوں نے تیرہ ملکوں کا دورہ کیا جس سے مسائل کو سمجھنے میں آسانی ہوئی۔
’عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زیادہ نئے اقدامات کیے ہیں جبکہ تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت دی گئی ہے۔‘ 

’2019 میں سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔ (فوٹو: ایکس پورٹل وزات حج)

’ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پارٹنرز کے ساتھ مل کر براہ راست پروازوں میں اضافہ کیا گیا۔ پہلے 164 ایئرپورٹس سے پروازیں آتی تھیں۔ اب ان کی تعداد 216 کر دی گئی۔ اس میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک آٹھ ممالک کے 617 ہزار عازمین حج مستفید ہوچکے ہیں۔ 2019 میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔‘
’اس سال سہولتوں میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس میں 58 فیصد اضافہ ہوا۔ تقریباً پچاس لاکھ زیادہ عمرہ زائرین آئے ہیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’اس سال مدینہ منورہ میں بھی عمرہ کانفرنس اور نمائش کا اہتمام ہوگا۔‘ 
الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر حج نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے یہاں تاریخی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ اب تک دس نئے تاریخی مقامات پر کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ 18 ایسے مقامات تیار کیے گئے ہیں جن سے زائرین کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔ بارہ تاریخی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔‘
علاوہ ازیں کانفرنس کے موقع پر زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وزارت حج و عمرہ، محکمہ اوقاف اور ضیوف الرحمن پروگرام کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔ 
محکمہ اوقاف اور ام القری کمپنی کے درمیان 2.5 ارب ریال کی لاگت سے زائرین کی خدمت کے لیے کاروباری مراکز اور ہوٹل قائم کرنے کے لیے بھی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ 
یاد رہے کہ کانفرنس کا افتتاح پیر کو نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل نے کیا۔ 

شیئر: