Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قیدیوں کی بہبود کے لیے اصلاحی کمیٹی کا جیل حکام سے معاہدہ

قیدیوں کو خاندانی زندگی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے  گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مکہ مکرمہ ریجن میں خاندانی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی ’المودۃ‘ انجمن نے محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ  خصوصی معاہدہ کرلیا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق المودۃ کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن علی آل رضی نے کہا ہے کہ ہماری انجمن خاندانی اور ذہنی صحت خدمات مہیا کررہی ہے۔
 جس کے تحت قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو درپیش ذہنی کوفت کو کم کرنے اور ڈپریشن کو ابتدائی مرحلے میں ہی دریافت کرکے اس کے علاج میں حصہ لے رہی ہے۔ 
آل رضی نے مزید بتایا  کہ مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ کیے گئے  معاہدے کے تحت ہماری انجمن  قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کی سماجی اور ذہنی مدد کرے گی۔
علاوہ ازیں عبداللہ الراجحی فاؤنڈیشن کی مدد سے خاندانی، ذہنی مسائل اور میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والے  اختلافات کے  حل میں مدد دے گی۔ 
آل رضی نے کہا کہ انجمن جیل میں قید خواتین و حضرات دونوں کو مطلوبہ خدمات پیش کرے گی۔ معاہدے کے تحت ذہنی بگاڑ کی تشخیص، غلط افکار و تصورات کی اصلاح اور عملی انحراف دور کرنے کا اہتمام کیا جائے  گا۔
قیدیوں کو خاندانی زندگی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے  گا اور انہیں گھر والوں سے رابطے کی ضرورت کے فوائد سے مطلع کیا جائے گا۔ 
عبداللہ الراجحی فاؤنڈیشن کے عہدیدار فھد المبرز نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے متعدد اہداف ہیں ان میں سے قیدیوں کی نگہداشت اور انہیں معاشرے میں پروقار زندگی گزارنے کا اہل بنانا بھی ہے۔

شیئر: