Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی: پولیس کا برطانیہ سے آئے شہری کو قتل کرنے والے گینگ کے 4 ملزمان ہلاک کرنے کا دعویٰ

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزمان ایئرپورٹ پر ریکی کرتے تھے۔‘ (فوٹو: اے پی پی)
راولپنڈی کے علاقے رینج روڈ پر گ‍ذشتہ ہفتے برطانیہ سے آئے شہری کے ساتھ ڈکیتی کرنے کے بعد اسے قتل کے ملزمان پولیس کارروائی میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے دعویٰ کیا ہے کہ ’برطانیہ سے آنے والے شہری کے قتل میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے ملزمان نے رات گئے ریس کورس کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔‘
ترجمان کے مطابق ’پولیس نے موٹر سائیکل سوار ڈکیتوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ڈاکؤں کے قبضے سے پولیس یونیفارم، لیپ ٹاپ، بیگ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’ملزمان ایئرپورٹ پر ریکی کرتے تھے اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔ ملزمان نے کینیڈا سے آئے شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی۔‘
’بین الصوبائی گینگ ملک کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتا ہے‘ 
پولیس ترجمان کے مطابق ’راولپنڈی میں ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق بین الصوبائی گینگ سے تھا۔ گینگ کے ارکان کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں وارداتیں کرتے تھے۔‘
’ملزمان کو اس سے پہلے تھانہ کینٹ کے علاقے سے گرفتار کر کے چالان کیا گیا تھا۔ ڈکیت گینگ وارداتوں کے دوران پولیس یونیفارم استعمال کرتا تھا۔‘
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں بھی موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔‘

شیئر: