Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے بعد شاہی مہمانوں کی واپسی

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں رخصت کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر آنے والے مہمانوں کی عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کے بعد اپنے ملکوں کو واپسی کا آغاز ہوگیا۔
شاہی دعوت پر آنے والے مہمانوں نے زائرین کےلیے منفرد خدمات کی فراہمی کےلیے سعودی قیادت کے اقدامات کو سراہا ہے۔
سعودی عرب میں دس دن قیام کے بعد مہمانوں کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا گیا۔
یاد رہے کہ مختلف ممالک سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے شاہی مہمان کے طورپر مدعو کیا گیا تھا۔
ان کا تعلق مشرقی ایشیائی ممالک ملایشیا ، فلیپائن، انڈونیشیا، تائیوان، میانمار، ویتنام ، لاوس، ہانگ کانگ، جاپان ، برونائی دارالسلام ، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، کمبوڈیا اور منگولیا سے ہے۔
قبل ازیں ’ضیوف خادم الحرمین الشریفین‘ پروگرام جس کی نگرانی وزارت اسلامی امور کرتی ہے کے تحت آنے والے مہمانوں نے مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔
 ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ ایک ثقافتی پروگرام کا حصہ تھا جسے وزارت اسلامی امور نے مکہ اور مدینہ میں قیام کے دوران زائرین کے تجربے کو بڑھانے کےلیے تیار کیا تھا۔
مہمانوں نے مذہبی اور ثقافتی تجربے کو تقویت دینے کے لیے مملکت کی کوششوں کی تعریف کی۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ منصوبہ مکہ کے رہائشیوں کے مذہبی اور ثقافتی تجربات کو فروغ دینے میں معاون ہے جو مملکت کے وژن 2030 پروگرام کے مقاصد میں سے ایک ہے۔
کچھ مہمانوں نے مکہ کے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں واقع کسوہ فیکڑی کا دورہ بھی کیا۔
جہاں انہوں نے کسوہ کی تیاری کے مراحل کا مشاہدہ کیا ۔ خانہ کعبہ کے نئے غلاف کی تیاری میں بھی حصہ لیا۔

شیئر: