Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے نیویارک میں نیا کرکٹ سٹیڈیم

ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا اور پاکستان نو جون کو آمنے سامنے ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست نیو یارک میں زیر تعمیر ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی تکمیل تین ماہ میں متوقع ہے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق 34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اس ماڈیولر سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے آٹھ میچز ہوں گے۔
ان میں نو جون کو شیڈول وہ میچ بھی شامل ہے جس میں انڈیا اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔ اس سٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے پریمیئم، عمومی اور وی آئی پی نشستوں کے علاوہ پارٹی ڈیک اور شیڈز کی سہولیات بھی ہوں گی۔
ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے منصوبے میں پائیداری کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔ جو گرینڈ سٹینڈز فارمولا ون لاس ویگاس گرینڈ پرِکس کے لیے استعمال کیے گئے تھے، انہیں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے دوبارہ تیار کیا جا رہا ہے۔
یہ پروجیکٹ تعمیراتی کمپنی ’پاپولوس‘ کی ٹیم نے ڈیزائن کیا ہے جو دنیا نے کچھ معروف ترین سٹیڈیم بنانے کے لیے مشہور ہے۔ اسی کمپنی نے انڈیا کے شہر احمد آباد میں نریندر مودی سٹیڈیم اور لندن کا ٹوٹنہم ہاٹ پور سٹیڈیم ڈیزائن کیا ہے۔
اس سے پہلے پاپولوس نے نیویارک میں بیس بال سٹیڈیم نیویارک یانکیز اور نیو یارک میٹس تعمیر کیے ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by ICC (@icc)

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف الارڈائس نے کہا ہے کہ ’ہم ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کی آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 سے پہلے رونمائی کے لیے پرجوش ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ آئی سی سی کے سب سے بڑے ایونٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہو گا اور اس سٹیڈیم میں 34 ہزار شائقین کی گنجائش ہو گی۔‘
’ہم عالمی معیار کے سپلائرز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ نیویارک میں ٹی20 ورلڈ کے کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو ناقابل فراموش تجربے سے ہمکنار کیا جا سکے۔‘
اس سٹیڈیم میں کرکٹ کے مداحوں کے علاوہ مہمانوں کے لیے بھی بھرپور انتظامات ہوں گے۔ یہاں مختلف طرح کے کھانے، مشروبات کے آوٹ لیٹس کے ساتھ ساتھ میڈیا اور براڈ کاسٹنگ کے سٹیٹ آف دی آرٹ پوائںٹس بھی ہوں گے۔

ناساؤ سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ تین جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا (فائل فوٹو: آئی سی سی)

ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے لیے ایڈیلیڈ اوول اور ایڈن پارک کی طرز کی ڈراپ اِن سٹائل سکوائر پچ فلیوریڈا میں تیار کی جا رہی ہے جسے مئی کے اوائل میں نیویارک منتقل کیا جائے گا۔
مین ہیٹن سے 48 کلومیٹر جنوب میں واقع اس سٹیڈیم تک ٹرانسپورٹ اور پارکنگ کی اچھی سہولیات کے علاوہ تین ریلوے سٹیشن بھی ہوں گے۔
ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ تین جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہو گا۔

شیئر: