Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب شعیب ملک نے ’دھوکہ کھا کر عائشہ صدیقی سے نکاح کیا‘

سنہ 2010 میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی ہوئی تھی ( فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد شعیب ملک کی انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔
ان تمام خبروں کے دوران سوشل میڈیا پر ایک موضوع زیر بحث ہے کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کی پہلی بیوی نہیں تھیں۔
این دی ٹی وی کے مطابق شعیب ملک نے مبینہ طور پر انڈین ٹینس سٹار کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے سے پہلے ایک اور خاتون سے شادی کی تھی، جس سے انہیں طلاق لینا پڑی تھی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سنہ 2010 میں شعیب کی ثانیہ سے شادی سے قبل ایک تنازع کھڑا ہوا جہاں حیدرآباد کی عائشہ صدیقی نامی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سنہ 2002 میں شعیب ملک سے شادی کی تھی۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ شعیب ملک نے اس وقت ان الزامات کی تردید کی تھی جس پرعائشہ صدیقی، جنہیں ماہا صدیقی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے پولیس میں شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا اور اپنی شادی کے ویڈیو ثبوت بھی دکھائے۔  بعد ازاں عائشہ اور شعیب کا آپس میں سمجھوتا ہوگیا جس کے بعد شعیب نے 15 کروڑ روپے کی رقم ادا کر کے عائشہ کو طلاق دے دی تھی۔

شعیب ملک کا عائشہ صدیقی کے ساتھ افیئر

آن لائن ویب سائٹ ’بالی وڈ شادیز‘ کے مطابق سنہ 2001 کے اواخر میں شعیب ملک کا عائشہ کے ساتھ پہلا رابطہ ہوا تھا۔ ٹائمز نیوز نیٹ ورک کے ساتھ ایک پرانے انٹرویو میں شعیب نے بتایا کہ انہیں عائشہ نامی خاتون کا فون آیا، جنہوں نے خود کو ان کی مداح کے طور پر متعارف کرایا اور اس کے بعد دونوں نے ٹیلی فونک گفتگو شروع کر دی۔
عائشہ نے شعیب ملک کو اپنی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ سعودی عرب میں رہتی ہیں۔ شعیب کئی دنوں تک عائشہ سے بات کرتے رہے، دونوں میں ایک دوسرے کے لیے جذبات پیدا ہو گئے تھے اور شعیب نے اس بارے میں اپنے والدین سے بھی بات کی تھی۔
شعیب ملک نے اپنے پرانے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے کبھی عائشہ سے ملاقات نہیں کی اور ہمیشہ ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا مگرعائشہ نے ہمیشہ کہا ’ہم اپنی شادی پر ملیں گے۔‘
شعیب نے مزید بتایا کہ جب 2002 میں وہ حیدرآباد گئے تو انہوں نے عائشہ سے ملنے کی کوشش بھی کی، لیکن عائشہ نے انہیں بتایا کہ انہیں ضروری کام کے لیے سعودی عرب جانا ہے اور ان کی بہن ماہا صدیقی ان سے ملیں گی۔ عائشہ کی بہن ماہا سے ملنے کے بعد شعیب نے ان سے پوچھا کہ عائشہ ان سے کیوں نہیں ملنا چاہتیں، جس پر ماہا نے کہا کہ عائشہ ان کے اچانک وزن میں اضافے کی وجہ سے ملاقات کرنے سے ہچکچا رہی ہیں۔

شعیب ملک کا ٹیلی فون پر نکاح

شعیب ملک کا عائشہ صدیقی کے ساتھ نکاح ٹیلی فون پر کیا گیا تھا۔ ٹائمز نیوز نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے ہی خود شعیب نے اپنی دلہن کو دیکھے بغیر ٹیلی فونک نکاح کرنے کی تصدیق کی تھی۔
شعیب ملک نے بتایا کہ یہ 2002 کی بات ہے جب انہیں عائشہ کا فون آیا، انہوں نے کہا کہ وہ ان سے فوری طور پر شادی کرنا چاہتی ہیں کیونکہ ان کے تعلقات کی خبریں ہر طرف پھیل چکی ہیں اور ان کے خاندان کو اس حوالے سے مشکلات جھیلنا پڑ رہی ہیں۔
دوسری جانب شعیب نے انکشاف کیا کہ وہ شادی میں جلدی نہیں کرنا چاہتے تھے کیونکہ وہ صرف 20 سال کے تھے اور عائشہ سے ذاتی طور پر ملے بغیر ان کا نکاح کے بارے میں سوچنا بھی ناممکن تھا۔ عائشہ ان پر دباؤ ڈالتی رہیں اور انہیں ٹیلی فون پر شادی کے لیے کہا جس پر شعیب نے ایک نکاح نامہ لیا اور یہ سوچ کر دستخط کیے کہ تصویر میں نظر آنے والی لڑکی سے ان کی شادی ہو رہی ہے۔
شعیب ملک نے انٹرویو میں بتایا ’اگست 2005 میں جب میں پاکستان میں تھا، میرے بہنوئی نے مجھے بتایا کہ سعودی ارب میں موجود ان کے بھانجے نے بتایا کہ ان کے سکول میں موجود ماہا صدیقی نامی ایک ٹیچر ہیں جو سب کو بتا رہی ہیں کہ وہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔ جب ٹیچر کی تصویر دکھائی گئی تو پتہ چلا کہ یہ تو ماہا آپا تھیں۔‘
شعیب نے کہا ’میں نے عائشہ کو فوراً فون کیا اور بتایا کہ مجھے حقیقت معلوم ہے۔ مجھے غصہ آ گیا اور میں نے ان سے کہا کہ میں ان کی تصاویر جاری کرنے جا رہا ہوں۔ یہ سننے کے بعد عائشہ نے مجھ سے معافی مانگی اور مجھے بتایا کہ دوسری لڑکی شادی شدہ ہے اور اگر میں نے یہ تصویریں جاری کیں تو اس کی زندگی برباد ہو جائے گی۔ میں نے اس بارے میں بہت سوچا اور پھر تصاویر جاری نہیں کیں۔‘
اس کے بعد سنہ 2010 میں ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام اذہان مرزا ملک ہے۔ اس شادی کے اختتام کی خبریں حال ہی میں سامنے آئیں جب شعیب ملک نے ثنا جاوید سے شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔

شیئر: