Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں مختلف یونیورسٹیوں کی بندش، وجوہات کیا ہیں؟

اسلام آباد پولیس کے مطابق ’وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کی وجہ سے سکیورٹی خدشات ضرور موجود ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات کی خبریں اس وقت زیرِگردش ہیں۔ شہر کی مختلف یونیورسٹیاں اس وقت بند ہیں جبکہ کچھ نجی سکولوں نے بھی تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔
اس وقت اسلام آباد کی مجموعی طور پر نو یونیورسٹیاں بند ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی، کامسٹیس اور اقرا یونیورسٹی بھی بند ہیں۔ بند ہونے والی یونیورسٹیوں میں زبیسٹ بھی شامل ہے۔
اسلام آباد میں یونیورسٹیوں کی بندش کی وجوہات میں سکیورٹی صورتحال اور یونیورسٹی کی معمول کے مطابق چھٹیاں شامل ہیں۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس کے اعلٰی حکام نے بتایا کہ ’اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹیاں یا سکولوں کی بندش کا کوئی نوٹیفکیشن تو جاری نہیں کیا۔ تاہم تعلیمی اداروں سے متعلق حساس اداروں کی جانب سے سکیورٹی خدشات موجود تھے۔‘
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق ’ضلعی انتظامیہ نے کسی یونیورسٹی کی بندش کے احکامات جاری نہیں کیے۔ یہ متعلقہ یونیورسٹیوں کا اپنا فیصلہ ہے۔‘

سکیورٹی صورتحال کے سبب کون کون سی یونیورسٹیاں بند ہوئیں؟

اسلام آباد کی بند نو یونیورسٹیوں میں سے چھ سکیورٹی صورتحال کے سبب بند کی گئی ہیں۔ ان میں افواج پاکستان کے زیرِانتظام چلنے والی یونیورسٹیاں سرفہرست ہیں۔
بحریہ یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے متعلق سکیورٹی خدشات موجود تھے، جس کے سبب یونیورسٹی انتظامیہ نے بندش کا فیصلہ کیا۔

ایئر یونیورسٹی کو بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور زبیسٹ یونیورسٹی اور نمل یونیورسٹی بھی سکیورٹی صورتحال کے سبب بند کی گئی ہیں۔ بحریہ یونیورسٹی میں طلبا کے پیپرز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ترجمان ناصر فرید کے مطابق ’یونیورسٹی کو سکیورٹی صورتحال کے سبب تین دن کے لیے بند کیا گیا ہے۔ اس کا یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔‘
نمل یونیورسٹی میں طلبا کے پیپرز ہو چکے تھے تاہم انہیں ان دنوں پیپرز کی ری چیکنگ اور دیگر متعلقہ معاملات کے لیے یونیورسٹی بلایا جاتا ہے لیکن سکیورٹی صورتحال کے سبب طلبا کو یونیورسٹی نہ آنے کا کہا گیا ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے ترجمان ندیم یاسر نے بتایا کہ ’طلبا یونین کی ہڑتال کے سبب یونیورسٹی بند کی گئی ہے۔‘
کامسیٹس یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق اس وقت یونیورسٹی میں سمسٹر بریک ہے۔ طلبا کے امتحانات ہو چکے ہیں اور انُ کو معمول کے مطابق چھٹیاں دی گئی ہیں۔
اقرا یونیورسٹی میں بھی اس وقت معمول کی تعطیلات ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں سکیورٹی صورتحال قابو میں ہے۔ (فوٹو: اسلام آباد پولیس فیس بک)

اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ ’وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کی وجہ سے سکیورٹی خدشات ضرور موجود ہیں۔ تاہم اس کا باضابطہ اعلان کر کے عوام میں خوف و ہراس نہیں پھیلانا چاہتے۔‘
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر میں سکیورٹی صورتحال قابو میں ہے۔ پولیس کی جانب سے معمول کے مطابق سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی ناکہ بندی بھی دکھنے کو ملی ہے۔
سکیورٹی صورتحال کے سبب بند کی گئی یونیورسٹیوں کے داخلی راستوں پر سکیورٹی کے اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کے سرکاری سکول و کالجز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اعلٰی حکام کے مطابق سرکاری سکولوں یا کالجوں کی بندش کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ شہر کے سرکاری سکول و کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں۔ کچھ نجی سکولوں کی بندش کا فیصلہ اُن کی انتظامیہ کی جا نب سے کیا گیا ہے۔

شیئر: