Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ کے نجی بینک میں ڈکیتی، ڈاکو پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لُوٹ کر فرار

ایس ایس پی کے مطابق ’ڈکیتی سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ہی بینک میں سٹیٹ بینک سے رقم لائی گئی تھی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کوئٹہ میں ڈاکوؤں نے نجی بینک کے اندر گُھس کر پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم لُوٹ لی اور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات ایئرپورٹ روڈ پر چلتن ہاؤسنگ سکیم کے قریب واقع الائیڈ بینک کی ایک شاخ میں ہوئی۔
ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ جواد طارق نے بتایا کہ ’پانچ مسلح ڈاکوؤں نے بینک بند ہونے سے کچھ دیر قبل عمارت میں گُھس کر سکیورٹی گارڈ اور بینک کے عملے کو یرغمال بنا لیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈاکوؤں نے بینک میں موجود تقریباً پانچ کروڑ روپے کی نقدی لُوٹ لی اور اس کے بعد فرار ہوگئے۔‘
ایس ایس پی کے مطابق ’ڈکیتی سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے ہی بینک میں سٹیٹ بینک سے رقم لائی گئی تھی اس لیے بینک میں نقد رقم زیادہ تھی، ملزمان نے شاید ریکی کر رکھی تھی۔‘
’پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، فِنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔‘
ایس ایس پی جواد طارق کا کہنا تھا کہ ’سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو سے ملزمان کو شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

شیئر: