Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران کے عوامی بازار نئی نسل میں مقبول کیوں ہو رہے ہیں؟

سیاح تاریخی اشیا خریدنے کے لیے بازار میں آتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
نجران کے عوامی بازاروں نے نئی نسل کو آباؤ اجداد کے عوامی ورثے کا شیدائی بنا دیا اور لوگوں کی آمد اسے مقبولیت دے رہی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نجران کے نوجوان صارفین  کا کہننا ہے کہ  وہ اپنے ہاں ان عوامی بازاروں کو سلام  کرتے ہیں جو نئی نسل کو بزرگوں کے زیراستعمال اشیا سے متعارف کرا رہے ہیں۔ 
نجران کے عوامی بازار تجارتی قافلوں کا مرکز رہے ہیں۔ یہ بازار آج بھی اپنی پرانی شناخت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

یہ تجارتی قافلوں کا مرکز رہے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

ان بازاروں سے آج بھی سعودی خواتین و حضرات کی  روزی روٹی جڑی ہوئی ہے جہاں وہ سال بھر اپنی دستی مصنوعات  فروخت کرتے ہیں۔ 
عوامی بازار ’ابا السعود‘ محلے میں نجران کے تاریخی گورنر ہاؤس کے برابر میں واقع ہے۔ 
یہاں مملکت کے اندر اور باہر سے بے شمار سیاح تاریخی اشیا خریدنے کے لیے آتے رہتے ہیں۔ 

یہاں انواع و اقسام کی کھجوریں دستیاب ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

یہاں کھجور کی بڑی مارکیٹ ہے جس میں انواع و اقسام کی عمدہ کھجوریں آسانی سے دستیاب ہیں۔ 
یہاں غلہ جات کی بڑی مارکیٹ بھی ہے جس میں نجران کے زرعی فارموں کی پیداوار ملتی ہے۔ صارفین کثیر تعداد میں غلہ جات خریدنے کے لیے اس مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں۔ 
یہاں خنجروں کی مارکیٹ سیاحوں کی آماجگاہ بنی رہتی ہے۔ جہاں نجرانی سماج کی قدیم ثقافت  اپنی اصلی شکل میں نظر آتی ہے۔ 
نجران کا علاقہ قدیم زمانے سے خنجر سازی کے لیے مشہور رہا ہے۔

قدیم بازار مقامی ہنرمندوں کو بے حد عزیز ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

عرب خصوصاً نجران کے لوگ خود کے دفاع کے لیے خنجر ہمیشہ ہمراہ رکھتے ہیں۔ یہ عربوں میں جہاں اپنے دفاع کے لیے بے حد اہم مانا جاتا ہے وہیں سماجی حیثیت کی بھی علامت سمجھا جاتا ہے۔ آج کل اس کا استعمال سماجی حیثیت کے اظہار کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔ 
یہاں دستی مصنوعات کی مارکیٹ بھی ہے جس میں مقامی ساختہ مٹی کے برتن ملتے ہیں۔ 
قدیم طرز کے ملبوسات اور چمڑے کی مصنوعات کی مارکیٹ بھی ہے۔ 
یہ مارکیٹیں مقامی ہنرمندوں کو بے حد عزیز ہیں کیونکہ اس سے ان کا روزگار وابستہ ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: