Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہت ٹھوکریں کھائیں اب ترقی کرنی ہے: نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ ’دو دن کے بعد جو سورج طلوع ہوگا وہ خوشحالی کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ان کی حکومت کو ختم نہ کیا جاتا تو ملک خوشحال ہوتا اور کوئی بھی بے روزگار نہ ہوتا، ملک کی دوبارہ تعمیر کریں گے۔
منگل کو قصور کے علاقے کھڈیاں میں انتخابی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ہم نے ان سے باہر نکلنا ہے۔ ہم نے ایشین ٹائیگر بننا ہے۔‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’اگر ہمارا دور جاری رہتا تو کوئی بے روزگار نہ ہوتا، پورا ملک خوشحال ہوتا۔ دو دن کے بعد جو سورج طلوع ہوگا وہ خوشحالی کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔‘
نواز شریف نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے دور میں ترقی ہو رہی تھی۔ یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم دہشت گردی کو ختم کرنے میں مصروف تھے۔ یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم معیشت کی بہتری میں مصروف تھے۔ یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم موٹر ویز بنانے میں مصروف تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ پچاس لاکھ گھر دے رہے تھے، کیا کسی کو گھر ملا؟ ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں؟ ایک ارب درختوں کا منصوبہ کہاں گیا؟ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ وہ انڈے، مرغیاں اور کٹے  کہاں گئے؟ یہ سب فراڈ تھا۔‘
نواز شریف نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وعدہ کریں کہ کھڈیاں میں دانش سکول آئے گا۔ سڑکیں پیرس سے بھی اچھی ہوں گی۔ کھڈیاں اور قصور میں یونیورسٹی بنانی چاہیے۔‘

شیئر: