Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اڈیالہ جیل سے عمران خان کا ’دیدار‘، ’الیکشن کی چاند رات مبارک‘

عمران خان کی ایکس اکاؤنٹ سے تصویر جاری کی گئی جس میں سپورٹرز کیلئے پیغام موجود تھا۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل بانی تحریک انصاف عمران خان کی اڈیالہ جیل سے تصویر شیئر کر دی گئی ہے۔
منگل کو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹ) پر عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ سے ان کی تصویر شیئر کی گئی جس میں عمران خان شاہ محمود قریشی کے ساتھ کھڑے ہوئے ان کی بات سن رہے ہیں۔
عمران خان کی اس تصویر کیساتھ عنوان میں پیغام بھی درج تھا جس میں لکھا گیا تھا ’میرے پاکستانیو، مجھے آپ کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے پر 24 سال کی سزا سنا دی گئی۔ مجھے اور پاکستان کو آپ کے بس 24 گھنٹے چاہئی۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا ’لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈلوائیں، پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 ملنے تک پولنگ سٹیشن پر رکیں، اور پھر مکمل رزلٹ آنے تک ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر پرامن طریقے سے بیٹھیں-‘
عمران خان کی اڈیالہ جیل میں قید کے بعد یہ پہلی تصویر ہے جو منظرعام پر آئی ہے اور سوشل میڈیا پر صرف اس کے ہی چرچے چل رہے ہیں، یہاں تک کہ ایکس پر عمران احمد خان نیازی کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اور خاص کر پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز عمران خان کی تصویر پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
فریحہ نامی اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’عمران خان تو دراز پر ملنے والے مشہور ماسک کی طرح ہی نظر آرہے ہیں۔‘

ازادار نے لکھا ’عمران خان کافی کمزور نظر آرہے ہیں، وہ اس تصویر میں پہلے کی طرح ایکٹو نہیں لگ رہے۔‘

محمد ابرا نے عمران خان کی تصویر پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الیکشن کی چاند رات مبارک ہو۔

شمائم فاطمہ نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ عمران خان کی تصویر وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ ہینگ ہوگیا۔

لوسی مورگن نے اپنی پوسٹ میں کہا ’عمران خان کی اڈیالہ جیل سے تصویر وائرل ہوگئی ہے، کہا یہ جا رہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت لی گئی تھی۔‘

آیت فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں آئس کریم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’عمران خان کے دیدار کی خوشی میں۔‘ 

 

شیئر: