Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مئی، عمران خان،شاہ محمود اور شیخ رشید کی ضمانتیں منظور

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو 16 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
نو مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی ضمانتیں منظور کر لی گئی ہیں۔
سنیچر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے ضمانت کا فیصلہ سنایا۔
عمران خان کو نو مئی کے 12 مقدمات میں ضمانت دی گئی ہے جبکہ جی ایچ کیو اور آرمی میوزیم حملہ کیس میں بھی ضمانت منظور کی گئی ہے۔
ان کو 12 مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسی طرح شاہ محمود قریشی کی بھی 13 مقدمات میں ضمانت مںظور کی گئی ہے۔

شیخ رشید احمد کی بھی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

سنیچر کی صبح شیخ رشید کی ضمانت بھی منظور کر لی گئی، جس کے بعد ان کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
ان پر حساس ادارے کے گیٹ پر حملے کا مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں درج ہے اور انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ان کے خلاف کیس چل رہا ہے۔
شیخ رشید کو 16 جنوری مقدمے میں ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ نو مئی کے واقعات کے بعد ان کے خلاف درج ہونے والے 14 کیسز میں ضمانتوں کے لیے پیش ہوئے تھے، جہاں ان کی نیو ٹاؤن میں درج ایک مقدمے میں ضمانت خارج ہو گئی۔
درخواست ضمانت پر سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی تھی۔
خیال رہے شیخ رشید نے اپنی جماعت عوامی مسلم لیگ کی جانب سے راولپنڈی کے دو حلقوں پر انتخابات میں جیل سے حصہ لیا تاہم وہ دونوں سے جیت نہیں پائے تھے۔
وہ انتخابات سے ایک روز قبل سات فروری کو اڈیالہ جیل کے اندر ووٹ کاسٹ کرنے والے سیاسی رہنماؤں میں شامل تھے، جبکہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے بھی اسی روز پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔
اس کے بعد جیل انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں جیل سپرنٹینڈنٹ اسد وڑائچ کا کہنا تھا کہ ’شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویز الٰہی کا ووٹ کاسٹ نہیں ہو سکا، جبکہ بشریٰ بی بی کا ووٹ بھی کاسٹ نہیں ہو سکا تھا۔
جیل حکام کے مطابق ’مجموعی طور پر 15 قیدیوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ 40 قیدیوں کی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو لسٹ بھجوائی گئی تھی۔

شیئر: