Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عازمین حج کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد آج سے

عازمین حج کے لیے ملک بھر میں تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عازمین حج کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد آج  پیر کے روز سے ہو رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد حیدرآباد میں آج پہلی حج تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔
فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے تربیت فراہم کرنے کی غرض سے ملک بھر میں ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے جن کو دو مراحل میں منعقد کیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق عازمین حج کے لیے تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازمی ہو گی۔ نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کے ساتھ  انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے زیرِ انتظام 7 حاجی کیمپوں کے ذریعے ضلع کی سطح پر تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تربیت کا پہلا مرحلہ رمضان المبارک سے قبل اختتام پذیر ہو گا جبکہ دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد شروع ہو گا۔ حاجی کیمپوں میں آخری حج پرواز کی روانگی تک تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سعودی عرب نے پاکستان کے لیے کورنا سے پہلے والا حج کوٹہ بحال کر دیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کر سکتے ہیں جبکہ حج کی ادائیگی کے لیے 65 سال عمر کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔
سال 2023 میں 81 ہزار پاکستانی عازمین نے گورنمنٹ سکیم جبکہ دیگر نے پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کیا تھا۔
پاکستان نے حج 2024 کے لیے قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان دسمبر 2023 میں کیا تھا جس میں 63 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو منتخب کیا گیا تھا۔ جبکہ دیگر عازمین نے پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے حج کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں۔

شیئر: