Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُکیش چندر شیکھر جیل سے دھمکیاں دے رہے ہیں، جیکلین فرنینڈز

جیکلین فرنینڈز نے پولیس کمشنر سے معاملے میں فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنینڈز نے الزام لگایا ہے کہ سُکیش چندر شیکھر مختلف حربے استعمال کر کے اُنہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق جیکلین فرنینڈز نے 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندر شیکھر نامی شخص کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے۔
شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سُکیش چندر شیکھر اُنہیں جیل سے ہراساں کر رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔
جیکلین فرنینڈز نے یہ شکایت نئی دہلی کے سپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجے اروڑا کے پاس درج کرائی ہے جنہوں نے ایک خصوصی یونٹ کو ابتدائی تفتیش کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
خط میں جیکلین فرنینڈز نے کیا لکھا ہے؟
چند روز قبل اداکارہ کی جانب سے پولیس کے سربراہ کو خط لکھا گیا تھا جس کا عنوان تھا ’استغاثہ کے گواہ کے تحفظ میں نظام کی ناکامی۔‘
خط میں جیکلین فرنینڈز نے لکھا کہ ’میں ایک ذمہ دار شہری ہوں، اور نادانستہ طور پر ایک ایسے کیس میں اُلجھ گئی ہوں جس کے بہت دُور رس اثرات ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنی شناخت سُکیش چندرشیکھر کے طور پر کرانے والا شخص ایک ملزم ہے، جو دہلی کی منڈولی جیل میں قید ہے، اور کُھلے عام مجھے ڈرا دھمکا رہا ہے۔‘
پولیس سے فوری مداخلت کی اپیل
جیکلین فرنینڈز نے پولیس کمشنر سے معاملے میں فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ ’نہ صرف مجھے بلکہ قانونی عمل کو بھی ملزم سے خطرہ ہے۔‘

اداکارہ کے مطابق ’سُکیش چندر شیکھر مختلف حربے استعمال کر کے اُنہیں ڈرا دھمکا رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

انہوں نے درخواست کی کہ مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (MCOCA) کے تحت مقدمے میں میرا استغاثہ کے گواہ کے طور پر تحفظ یقینی بنانے کے لیے سُکیش چندرشیکھر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
یاد رہے کہ سُکیش چندرا شیکھر منی لانڈرنگ، فراڈ اور دھوکہ دہی کے جرائم میں ملوث ہیں اور نئی دہلی کی جیل میں قید ہیں۔
جیکلین فرنینڈز پر الزام ہے کہ انہوں ںے سُکیش چندر شیکھر سے مبینہ طور پر قیمتی تحفے اور مالی فوائد حاصل کیے ہیں۔
اس حوالے سے تفتیش کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جیکلین فرنینڈز کو متعدد بار طلب بھی کیا جا چکا ہے۔
انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ ’جیکلین فرنینڈز اور نورا فتحی کو ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکر کی طرف سے قیمتی تحائف دیے گئے۔‘

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ ’سُکیش چندرشیکھر نے نورا فتحی کو بھی قیمتی تحائف دیے‘ (فائل فوٹو: اے این آئی)

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ’جیکلین فرنینڈز نے اپنے بیان میں یہ انکشاف بھی کیا کہ سُکیش چندرشیکر نے کئی مواقع پر اُن کے لیے نجی طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا۔‘
اداکارہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اپنے بیان میں یہ بھی بتایا تھا کہ ’اُنہیں گُوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے اور ہیرے کی بالیاں بھی دی گئیں۔‘
ان کے مطابق ’سُکیش چندرشیکھر کی جانب سے انہیں مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ کے علاوہ ایک مِنی کُوپر بھی تحفے میں دی گئی جو انہوں نے لوٹا دی۔‘
جیکلین فرنینڈز نے 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ اور فراڈ کے جرائم میں ملوث ملزم سُکیش چندر شیکھر سے دوستی کے بعد اُن سے تعلق ختم کرچکی ہیں۔

شیئر: