Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاسی انتقام لیں گے نہ کسی سرکاری افسر سے بدلہ: علی امین گنڈا پور

 

خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ’صوبے میں سیاسی انتقام کی کوئی گنجائش نہیں، ’ہم کسی سے سیاسی انتقام لیں گے نہ کسی سرکاری افسر سے بدلہ لیں گے۔‘
اتوار کو پشاور سپیکر ہاؤس میں صحافیوں سے ملاقات میں خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ صوبے میں سیاسی انتقام کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ دو برس میں بہت نقصان ہو گیا۔ معاشی لحاظ سے بھی کمزور ہوئے اور امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس صوبے کو آگے لے کر چلنا ہے۔ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار سرکاری افسروں کو قانون کے دائرے میں رہ کر سزا دینا پڑے گی تاکہ دوسروں کے لئے عبرت بنیں اور آئندہ کوئی ایسا نہ کرے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم حکومت میں اکر وفاق کو تنگ نہیں کریں گے مگر صوبے کے حق کے لیے لڑیں گے۔ صوبے کے بقایاجات  لیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔‘
’صوبے میں اتحاد پر بات چیت جاری ہے‘
علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ سیاسی اتحاد کے لیے مختلف جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے تاکہ ہمیں مخصوص نشستیں مل جایئں اور اسمبلی میں ہماری پوزیشن مضبوط ہوجائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری مذاکراتی ٹیم کی جانب سے کچھ جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے جو اگلے 2 روز تک فائنل ہوجائے گی تاہم حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا ہے۔‘ 
’9 مئی کے واقعات ہم نے نہیں کیے‘
نامزد وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے نو مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’9 مئی ہم نے نہیں کیے بلکہ کروایا گیا، اس پر انکوائری ہو گی تو انشاء اللہ سچ ثابت ہو گا کہ اس کے پیچھے کون تھا۔ ہمارے کارکن اس احتجاج میں شامل تھے مگر وہ پُرامن تھے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’ 9 مئی کے دن میں ڈی آئی خان میں تھا اور میرے خلاف ایک ہی وقت میں 9 اضلاع میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایسا کیسے ممکن ہے کہ میں ہر جگہ پہنچ گیا؟ یہ سب جعلی ایف آئی آر ہیں۔‘
نامزد وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ’میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں اور آئندہ بھی کروں گا۔ میں تمام کیسز میں ضمانت حاصل کر چکا ہوں۔‘
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ’وفاق اگر مجھے گرفتار کرنا چاہتا ہے تو اسلام آباد آنے کا انتظار نہ کرے۔ مجھے یہاں آ کر گرفتار کرے۔ میں گرفتاری دینے کو تیار ہوں۔ اگر میری گرفتاری ملک و قوم کی بھلائی ہے تو مجھے گرفتار کریں۔‘

شیئر: