Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی لڑکی نے سویٹرز پہن پہن کر عالمی ریکارڈ بنا دیا

صوفیہ ہیڈن نے ایک وقت میں 45 سویٹر پہن کر بیک وقت 40 سویٹر پہننے کا ریکارڈ توڑا (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز)
ایک امریکی لڑکی نے ایک وقت میں سب سے زیادہ سویٹر پہن کر نہ صرف لوگوں بلکہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی توجہ بھی حاصل کر لی اور پھر عالمی ریکارڈ بن گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی صوفیہ ہیڈن نے بیک وقت 45 سویٹر پہن کر اس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے جو اس سے قبل بنا تھا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ صوفیہ نے ایک ایک کر کے سویٹر پہنے جن کا سائز ایک دوسرے سے مختلف تھا۔
ان کے لیے ضروری تھا کہ وہ ہر سویٹر کو درست طور پر پہنتے ہوئے کمر تک لائے اور پھر دوسرا سویٹر پہنے، اس دوران اگر کوئی سویٹر پھٹ جاتا تو اس کو گنتی میں شمار نہیں کیا جانا تھا۔
اس سے قبل بنائے جانے والے ریکارڈ میں 40 سویٹر پہنے گئے تھے جو ایک 11 برس کے لڑکے تھامس ہوکٹ اوممبو نے 2022 میں بنایا تھا اور ان کا تعلق فرانس سے تھا۔
صوفیہ اپنے خاندان میں پہلی فرد نہیں ہیں جنہوں نے عالمی ریکارڈ توڑا ہے ان کی والدہ الیسنڈرا بھی اس وقت کروشیا کی طویل ترین بُنائی کا عالمی ریکارڈ رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنی بیٹی کے ریکارڈ کے حوالے سے بتایا کہ ’اس کوشش کے لیے اتنی بڑی تعداد اور سائز میں سوئٹرز کو جمع کرنے میں کافی وقت لگا اور ان کو مختلف سٹورز سے خریدا گیا۔‘
صوفیہ کی جانب سے ریکارڈ بنانے کا مظاہرہ ان کی ذاتی لائبریری میں کیا گیا اور کامیابی سے ریکارڈ بنانے کے بعد انہوں نے تمام سویٹر چیرٹی میں دے دیے۔
زیادہ سویٹر پہننے کا ریکارڈ پہلی بار 2014 میں سامنے آیا تھا اور اس کا مظاہرہ جمی کیمیل لائیو میں ہوا تھا جس میں گلرمو روڈریگوز نے ایک وقت میں 25 سویٹر پہنے تھے۔

صوفیہ کی والدہ کے مطابق مختلف سائز میں سوئٹرز کو جمع کرنے میں کافی وقت لگا۔ (فوٹو: گنیز ورلڈ)

اس کے بعد یہ ریکارڈ 2016 میں اس وقت ٹوٹا جب جرمنی سے تعلق رکھنے ایندرے اوٹالف نے 25 سے زائد سویٹر پہن کر دکھائے۔ اسی طرح 2021 میں 30 سویٹر پہننے کا ریکارڈ امریکہ کے تھیوڈور کینسیلا نے بنایا۔
ایک سال بعد تھامس ہوکٹ اوممبو نے ہی اس ریکارڈ کو مزید 10 سویٹر پہن کر توڑا کیونکہ ان کا جسم کافی چھوٹا تھا۔
اب اس تعداد میں صوفیہ نے مزید پانچ کا اضافہ کر دیا ہے، جس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ انسان ایک وقت میں کتنے سویٹر پہن سکتا ہے۔

سویٹرز کے حوالے سے کچھ مزید ریکارڈ

2019 میں دنیا کا سب سے مہنگا سویٹر فروخت ہوا جو سرمئی رنگ کا پانچ بٹنوں والا تھا، اس کو صرف ایک بار نروانا میوزیکل بینڈ کے کُرٹ کوبین نے پہنا تھا، یہ سویٹر امریکہ میں ہونے والی ایک نیلامی کے دوران تین لاکھ 34 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔
اسی طرح دنیا کا سب سے بڑا سویٹر ترکیے میں بیرمپاسا ٹیکسٹائل انڈسٹری نے بنایا تھا۔ جس کی سینے کی پیمائش ساڑھے 49 فٹ، اونچائی ساڑھے 60 فٹ تھی، جبکہ بازوؤں کی لمبائی 52 فٹ تھی۔

شیئر: