Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی میں بسنت کے دوران 30 زخمی، ہوائی فائرنگ کرنے والے 227 گرفتار

پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
راولپنڈی میں بسنت کے دوران ڈور پھرنے، ہوائی فائرنگ اور چھت سے گرنے کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
جمعے کی شام راولپنڈی پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 227 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں بسنت کے دوران ڈور پھرنے، چھت سے گرنے اور گولیاں لگنے سے پانچ بچوں سمیت 30 شہری زخمی ہوئے۔
تھانہ صادق آباد کی حدود میں 65 سالہ صادق علی کی موت چھت سے گر کر ہوئی۔
ڈھوک رتہ کے علاقے میں گولی لگنے سے 71 سالہ بزرگ زخمی ہوئے جبکہ راجہ بازار کے علاقے میں گیارہ سالہ حمزہ اور اٹھارہ سالہ عمر چھت سے گر کر زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ڈور پھرنے سے ڈھوک حسو میں اٹھارہ سالہ ساجد زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کے مطابق پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 227 ملزمان کو گرفتار کر کے پتنگیں، ڈور، اسلحہ اور ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لیے گئے۔
ادھر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں بسنت کی تیاری کرنے والے پتنگ بازوں کو خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 نافذ ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہر میں ڈور اور پتنگیں بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
بیان میں شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پتنگ بازی کی حوصلہ شکنی کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں پتنگ بازوں پر کڑی نظر رکھیں اور پتنگ اور ڈور فروخت کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کریں۔

شیئر: