Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت خارجہ کا باصلاحیت افراد کے لیے سفارتی پورٹل ’دولی‘ کا اجرا

پورٹل کا اعلان لیپ 24 کانفرنس کے تیسرے ایڈیشن میں کیا گیا تھا(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت خارجہ نے بین الاقوامی اداروں میں ملازمت کے حصول کے لیے ’دولی‘ پورٹل لانچ کردیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ’واس‘ کے مطابق معاون وزیر خارجہ برائے آپریشنل امور عبدالہادی المنصوری نے لیپ کانفرنس 2024 کے دوران پورٹل کے افتتاح کا اعلان کیا تھا۔
معاون وزیر خارجہ المنصوری کا کہنا تھا کہ ’دولی پورٹل‘ کا اجرا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سعودی سفارتکاروں کو مختلف امور میں ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان مملکت کے وژن 2030 کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے تمام انیشیٹوز کی نگرانی کررہے ہیں۔
’دولی پورٹل کا مقصد باصلاحیت شہریوں کو بین الاقوامی اداروں میں ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ اور بہترمواقع کی فراہمی کے علاوہ بین الاقوامی اداروں میں سعودی نمائندگی کو بڑھانا اور عالمی تجربات سے مستفید ہونا ہے‘۔
المنصوری نے پورٹل کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دولی‘ پر امیدواروں کا ڈیٹا بیس بنایا جائیگا جس کے ذریعے ملازمت کی درخواست سے لیکر ملازمت ملنے تک تمام مراحل وزارت خارجہ کے زیر نگرانی ہوں گے۔
وزارت خارجہ بین الاقوامی اداروں میں مقامی افراد کو بھرتی کروانے کے خواہش مند دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے اور شراکت داریاں قائم کرے گی تاکہ ’دولی‘ تمام محکموں کا واحد قومی پورٹل بن جائے۔

شیئر: