Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ تیجس راجستھان میں گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

انڈین ایئر فورس کے مطابق طیارہ گرنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز
انڈین ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ تیجس ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق طیارہ گرنے سے پہلے ہی پائلٹ نے پیرا شوٹ کی مدد سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
انڈین فضائیہ نے جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ مشقوں کے دوران ایک تیجس طیارے کے ساتھ جیسلمیر کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے جبکہ پائلٹ محفوظ ہے۔
فضائیہ نے کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ وجوہات کا پتا لگایا جا سکے۔
تیجس لڑاکا طیارہ انڈیا میں تیار ہونے والا سپر سونک جہاز ہے۔
تیجس کی تیاری کا عمل 1984 میں شروع ہوا تھا جس سے ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے طیارے کے ڈیزائن اور ڈیویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سال 2003 میں اس طیارے کو سرکاری نام ’تیجس‘ دیا گیا جس کا سنسکرت زبان میں مطلب ’روشنی‘ کے ہیں۔
سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے طیارے کو تیجس کا نام دیا تھا۔
ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کی جانب سے تیار کیا جانے والا یہ دوسرا سپر سونک لڑاکا طیارہ ہے۔
گزشتہ ماہ کے شروع میں بھی اسی نوعیت کا حادثہ پیش آیا تھا جب انڈین ایئر فورس کا ہاک تربیتی طیارہ مشق کے دوران مغربی بنگال میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
یہ طیارہ کلائی کنڈا ایئر فورس سٹیشن کے قریب شہری آبادی میں گرا تھا تاہم کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ 
طیارہ گرنے سے پہلے ہی دونوں پائلٹ پیراشوٹ کی مدد سے باحفاظت نکل گئے تھے۔

شیئر: