Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایچیسن کالج، شدید تنقید کے بعد احد چیمہ کا بچوں کی فیس معاف نہ کروانے کا فیصلہ

احد چیمہ نے کہا کہ ’میں نئی پالیسی کے تحت اپنے بچوں کے لیے فائدہ نہیں لینا چاہتا۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
وفاقی وزیر برائے معاشی امور احد چیمہ نے ایچیسن کالج کے معاملے پر گورنر پنجاب کے نام خط لکھ دیا ہے۔
احد چیمہ نے منگل کو گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نام خط میں کہا وہ اپنے بچوں کے لیے نئی پالیسی سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے لیکن وہ اس پالیسی کے نفاذ کے حق میں ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو ایچیسن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن نے کالج کے انتظامی معاملات میں مداخلت کا شکوہ کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اسی دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ وفاقی وزیر احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی کے معاملے پر گورنر پنجاب نے ایک حکم جاری کیا تھا جس سے کالج کے پرنسپل متفق نہیں تھے۔
احد چیمہ نے اپنے خط میں لکھا کہ ’بچوں کی چھٹیوں(غیرموجودگی) کے دوران فیس نہ وصول کرنے کی جو نئی پالیسی ہے یہ بالکل درست، شفاف اور اشرافیائی مائینڈ سیٹ کے مخالف ہے۔‘
احد چیمہ نے کہا کہ میری اہلیہ نے اس مقصد کے لیے ڈیڑھ برس جنگ لڑی۔’میں یہ بھی ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ کالج کے پرنسپل نے مختلف مواقع پر میری ذات کی حد تک سہولت دینے کے لیے چند معزز لوگوں کے ذریعے رابطہ کیا لیکن میں نے کسی بھی خفیہ ڈیل سے انکار کر دیا۔‘
وفاقی وزیر نے گورنر پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے دفتر سے جاری حکم کے بعد کالج کے مستعفی ہو جانے والے پرنسپل کی جانب سے اس معاملے کو غیرضروری طور پر اچھالا گیا۔‘
’اس سارے معاملے کے دوران پرنسپل کی جانب سے بورڈ اور چیئرمین کے پالیسی فیصلوں سے انکار پر کسی نے توجہ ہی نہیں دی۔ آپ کی جانب سے بنائی گئی پالیسی پر غیرضروری سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہوئی۔‘
’میری اہلیہ کو صرف اس وجہ سے تضحیک آمیز مہم کا سامنا کرنا پڑا کہ میں ایک عوامی عہدے دار ہوں۔‘
احد چیمہ نے کہا کہ ’میں نئی پالیسی کے تحت اپنے بچوں کے لیے فائدہ نہیں لینا چاہتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ آپ کو منفی مہم اور دباؤ  کو نظرانداز کرتے ہوئے اس پالیسی کو برقرار رکھنا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا ’یہ پالیسی مستقبل میں طلبہ اور ان کے والدین کے لیے بہت مفید ہو گی۔‘

شیئر: