Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی انعامی سکیمز چلانے والے اداروں کے خلاف کارروائی

بعض اداروں کی جانب سے گاڑیاں اور جہاز بھی انعام میں دینے کا اعلان کیا گیا تھا(فوٹو، ایکس )
وزارت تجارت نے غیر قانونی انعامی سکیمز چلانے اور انسداد تجارتی جعلسازی قوانین کی خلاف ورزی پر چھ تجارتی اداروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خوشبو اور پرفیومز  کے شعبہ میں کام کرنے والے چھ کاروباری مراکز نے انعامی سکیمز کا اعلان کیا تھا۔
اداوں کی جانب سے صارفین کو سپیشل جیٹ، لگژری گاڑیوں اور بنگلے اور سونے کے سیٹ، اونٹ اور سمارٹ فون کے انعامات کی ترغیب دی گئی تھی۔
انعامی سیکمز کا اعلان کاروباری مراکز کی الیکٹرونک شاپز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کاروباری مراکز کی جانب سے انعامی سکیمز کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انعامی سکیم میں شامل ہونے کے لیے خریداری کی شرط رکھی تھی۔
ایک کاروباری مرکز نے انعامی سکیم  کے شروع اور ختم ہونے کی تاریخ واضح نہیں کی تھی۔
علاوہ ازیں دوسرے کاروباری مرکز نے سکیم کے قانونی اور وزارت تجارت کے زیرسرپرستی ہونے کا گمراہ کن دعوٰی کیا تھا۔
وزارت تجارت نے مذکورہ خلاف ورزیوں کی بنا پر کاروباری مراکز کے حکام کو طلب کر لیا اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت تجارت نے پچھلے ہفتے نو افراد اور کاروباری مراکز کے حکام کو لاٹری سکیم چلانے پر طلب کیا تھا۔
رواں ہفتے خلاف ورزی کے مرتکب کاروباری مراکز کو طلب کرنے کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب اداروں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

شیئر: