Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل میں اپنے پہلے میچ سے سرخیوں کی زینت بننے والے مایئنک یادو کون ہیں؟

مایئنک یادو کے چار اوورز نے لکھنئو سپر جائنٹس کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سنہ 2022 کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایڈیشن میں فاسٹ بولر عُمران ملک نے اپنی تیز رفتار بولنگ سے مخالف بلے بازوں کے دلوں میں اپنی دھاک بٹھا دی تھی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق عُمران نے سن رائزر حیدرآباد کی طرف سے کھیلتے ہوئے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں، اور جلد ہی انڈین ٹیم کا حصہ بن گئے تھے۔
تاہم انڈین قومی ٹیم میں ان کی مستقل جگہ نہ بن سکی کیونکہ ان کے لائن ولینتھ کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔
لیکن اب محض دو سال بعد یوں لگتا ہے کہ رواں برس کے آئی پی ایل کے سیزن میں انڈیا کو ایک اور فاسٹ بولر مل گیا ہے۔ اس دفعہ یہ نام آیا ہے لکھنئو سپر جائنٹس کے کیمپ سے اور ان کا نام مایئنک یادو ہے۔
گذشتہ روز سنیچر کو مایئنک نے لکھنئو سپر جائنٹس کی جانب سے ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے اوور سے ہی وہ سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ٹرینڈ کرنے لگے۔
اپنے پہلے ہی سپیل میں ان کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد تھی اور انہوں نے پنجاب کنگز کے بلے باز شیکھر دھون کو 155.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی جو اس سیزن کا سب سے تیز گیند کا ریکارڈ ہے۔
تجربہ کار دھون بھی مایئنک یادو کی برق رفتاری کے آگے بے بس نظر آئے۔
ان کے چار اوورز لکھنئو سپر جائنٹس کے لیے نہایت اہم ثابت ہوئے اور اس نے پنجاب کنگز کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ مایئنک نے اس اہم میچ میں تین قیمتی وکٹیں اپنے نام کیں۔

پنجاب کنگز کے تجربہ کار بلے باز شیکھر دھون بھی مایئنک یادو کی برق رفتاری کے آگے بے بس نظر آئے۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

مایئنک یادو کون ہیں؟

مایئنک گذشتہ برس ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد ابھر کر سامنے آئے۔ سی کے نائیڈو ٹرافی (انڈر23) میں، اس 21 سالہ نوجوان نے صرف چھ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔ چھتیس گڑھ کی ٹیم کے خلاف انہوں نے نہ صرف پانچ وکٹیں حاصل کیں بلکہ 66 رنز بھی بنائے۔
مایئنک نے سید مشتاق علی ٹرافی میں دہلی کی نمائندگی کرتے ہوئے چار میچوں میں 6.5 کے شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے وجے ہزارے ٹرافی کے پانچ میچوں میں چھ وکٹیں اپنے نام کیں۔
سنہ 2023 میں انہوں نے دیودھر ٹرافی میں نارتھ زون کی طرف سے کھیلتے ہوئے پانچ میچوں میں 17.58 کی متاثر کن اوسط کے ساتھ 12 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ آئی پی ایل 2023 کے سیزن کے آغاز سے قبل زخمی ہو گئے جس کی وجہ سے وہ پورے ایڈیشن سے باہر ہو گئے۔ مایئنک یادو نے اپنے کیریئر میں اب تک صرف ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلا ہے۔

شیئر: