Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں روایتی ذائقوں کے ساتھ ماہ صیام کے طعام

ریلیش میں پیش کیے جانے والے لذیذ پکوان خوبصورت کھلی فضا میں تیار کیے جا رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
ماہ صیام میں جدہ کے معروف ہوٹل افطار کے بھرپور روایتی ذائقے خوبصورت اندازمیں پیش کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں درویش فوڈیز انکارپوریشن کے سی ای او اور شریک بانی احمد اے درویش نے ساحلی شہر میں اپنی مہارت اور پکوان سے متعلق افطاری کے پانچ بہترین مقامات کے بارے میں بتایا ہے۔
 

الفوک شانگریلا ہوٹل

 
شانگریلا ہوٹل میں الفوک رمضان کے عنوان سے قائم خیمے میں عالمی پکوانوں اور لائیو کوکنگ سٹالز کے ساتھ بہترین ذائقوں کے ساتھ بوفے موجود ہے۔
یہ مقام گذشتہ دو سال سے کامیابی کے ساتھ جدہ کے مخصوص اور جدید رمضان مقامات میں سے ایک بن گیا ہے جہاں افطار کا مینو جدہ کی تاریخی اہمیت کے ساتھ بھرپور ثقافت پیش کر ہا ہے۔
اس کے مینو میں مختلف قسم کے لذیذ مقامی پکوان شامل ہیں، یہاں 2 سے 12 سال کے بچے مختلف قسم کی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
افطار بوفے کے لیے فی کس 488 ریال اور 6 تا 12 سال کے بچوں کے لیے 289 ریال رکھے گئے ہیں۔

شبابک ریسٹورنٹ

شبابک ریسٹورنٹ میں لبنانی کھانوں کی روایات کو خاندان بھر کے لیے رمضان افطار میں پیش کیا گیا ہے۔
یہاں پر عام شخص کے لیے 290 ریال فی کس اور 8 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 150 ریال فی کس کے نرخ رکھے گئے ہیں۔

مرینا پیٹیٹ کیفے

جدہ میں بحیرہ احمر کے کنارے مرینا یاٹ کلب میں قائم مرینا پیٹیٹ کیفے عربی کھانوں کی لذت کو قدرتی نظاروں کے ساتھ  پیش کر رہا ہے، جہاں اس ساحلی پٹی کے خوبصورت نظارے میں بیروت جیسا ماحول ملتا ہے۔
مرینا پیٹیٹ کیفے نے افطار بوفے کے لیے 320 ریال فی کس اور بچوں کے لیے 100 ریال کے ریٹ رکھے ہیں۔

المرکاز خیمہ

جدہ میں لگایا گیا المرکاز خیمہ اپنے خوبصورت ماحول کے لیے معروف ہے۔ یہاں افطار کے سحرانگیز تجربے کے لیے دلکش ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ یہ خیمہ عرب معاشرے کے حوالے سے جانا جاتا ہے جہاں 600 سے زیادہ مہمانوں کی میزبانی ہو سکتی ہے۔
المرکاز خیمے میں سعودی، بحیرہ روم، ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے معروف پکوان پیش کئے جاتے ہیں۔
شاندار ڈائننگ ایریا میں روایتی عربی اور انٹرنیشنل بوفے موجود ہے جس کے لیے زائرین کو 560 ریال فی کس اور 5 تا 11 سال کے بچوں کے لیے 280 ریال رکھے گئے ہیں، جبکہ 5 سال سے کم عمر بچوں کو لانے کی اجازت نہیں۔

ریلیش ریسٹورنٹ

قدیم لبنانی انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے مخصوص ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں کا رخ کیا جا سکتا ہے۔
ریلیش میں پیش کیے جانے والے لذیذ پکوان خوبصورت کھلی فضا میں تیار کیے جا رہے ہیں۔
ریلیش ریسٹورنٹ کی جدہ کے علاوہ مکہ میں بھی برانچ ہے۔ یہاں افطار بوفے کے لیے 149 ریال اور 7 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے 75 ریال فی کس رکھے گئے ہیں۔

شیئر: