Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعظم خان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے باہر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 40 مرتبہ ٹی20 کرکٹ میں آمنے سامنے آ چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان دائیں ٹانگ میں انجری کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
سنیچر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعظم خان کی انجری کے بارے میں پریس ریلیز جاری کی جس میں بتایا گیا کہ گرین شرٹس کے وکٹ کیپر بیٹر دائیں کاف مسل میں انجری کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو ریڈیولوجی رپورٹ کے آنے کے بعد 10 دنوں تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
پی سی بی نے مزید بتایا کہ اعظم خان اب ٹیم کو چھوڑ کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں رپورٹ کریں گے جہاں وہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی زیرنگرانی رہیب کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بدھ کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ ٹریننگ سیشن کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے اعظم خان کو دائیں گھٹنے اور پنڈلی میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ آج شام 7:30 بجے سے راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 40 مرتبہ ٹی20 کرکٹ میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں 21 مرتبہ پاکستان اور 17 مرتبہ نیوزی لینڈ کو جیت حاصل ہوئی۔
یہ کیوی ٹیم کا گزشتہ 17 ماہ میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔
اس سے قبل کیوی ٹیم دسمبر 2022 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کے لیے پاکستانی آئی تھی۔
اس کے بعد اپریل 2023 میں کیوی ٹیم نے پانچ ٹی20 اور پانچ ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
سیریز کے لیے پاکستان کا سکواڈ
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عرفان خان، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، عماد وسیم، شادب خان، عباس آفریدی، ابرار احمد، نسیم شاہ، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔
سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا سکواڈ
پاکستان کے خلاف اس سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، ٹِم سائفرٹ، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، ڈین فوکس کروفٹ، جیمز نیشم، کول مککونچی، جیکب ڈفی، بین لِسٹر، ولیم او رُورکی، بین سیئرز، اِش سوڈھی، زیکری فُوکس اور ٹِم روبنسن شامل ہیں۔     

شیئر: