Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹ ٹرمینل کی تعمیر کا آغاز

دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اور ایمریٹس ایئرلائن کے سی ای او شیخ احمد بن سعید آل مكتوم کے مطابق ’اس پروجیکٹ کا پہلا فیز 10 برسوں میں مکمل ہو گا۔‘ (فوٹو: شیخ محمد بن راشد آل مكتوم ایکس)
دبئی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ آل مكتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ ریاست کے حکمران کے مطابق تقریباً 35 ارب ڈالر کی مالیت سے تیار ہونے والا ’یہ دنیا کا سب سے بڑا‘ ٹرمینل ہو گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہم نے آل مكتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی ہے، اور اس کی تعمیر پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔‘
حکومتی بیان کے مطابق ’(ٹرمینل کے) مکمل طور فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہو گی۔‘
شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے مزید کہا کہ ’اس کی (مسافروں کے حوالے سے) دنیا کی سب سے بڑی گنجائش والی ایئرپورٹ ہوگی اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہو گا۔‘
خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔
دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اور ایمریٹس ایئرلائن کے سی ای او شیخ احمد بن سعید آل مكتوم کے مطابق ’اس پروجیکٹ کا پہلا فیز 10 برسوں میں مکمل ہو گا اور اس میں سالانہ 15 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہو گی۔‘

شہر کے مضافات میں بنائے گئے آل مكتوم ایئرپورٹ کو 2010 سے خلیجی مالیاتی مرکز کی فضائی ٹریفک کا نسبتاً کم حصہ ملا ہے۔
حکام چاہتے ہیں کہ یہ نیا ایئرپورٹ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جگہ لے لے، جہاں سالانہ 12 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مرکزی مقام میں موجود ہونے کی وجہ سے اس کی توسیع ممکن نہیں ہے۔

شیئر: