Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مئی کو فوج میں بغاوت کی کوشش کرنے والوں کو سزا ملے گی: وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا قوم آج کے دن شہدا اور غازیوں کو سنہرے الفاظ میں یاد کر رہی ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ جنھوں نے 9 مئی کو افواج پاکستان میں بغاوت کی منظم کوشش اور سازش کی ان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔
شہدا اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا جنہوں نے افواج اور پاکستان کے خلاف بغاوت کی کوشش کی وہ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔
’نو مئی کے سانحے کے اندر جن کا کوئی کردار نہیں یا وہ بے گناہ ہیں ان کو کوئی ہاتھ نہیں لگا سکے گا۔ لیکن جنہوں نے 9 مئی کو ریاست پاکستان کے خلاف بغاوت کی اور پاکستان کے اندر تقسیم درتقسیم کی سیاست کی اور افواج پاکستان میں بغاوت کی مذموم کوشش کی، اور لوگوں کو جتھوں کو بغاوت پر اکسایا ان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی تاکہ وہ آئندہ ایسی حرکت کی جرآت نہیں کرسکے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک شہید کی والدہ نے پوچھا کہ نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ کب ہوگا تو میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان لوگوں کو قانون کے مطابق جلد سزا ملے گی۔‘
’نو مئی کو ہمارے شہدا کے اہل خانہ کے دلوں پر ایک قیامت گزر گئی تھی۔ ہم شہدا کے غم میں برابر شریک ہیں۔ جس طرح آپ اس کو محسوس کرتے ہیں شاید کوئی اس کو اس طرح محسوس کرسکے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات آئندہ پاکستان میں کسی صورت دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے اور ایسا سیاہ دن دوبارہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کو دوست نما دشمن کا دل شاد تھا۔ ’حملہ آوروں اور ان کے کے سرپرستوں نے ریاست، قوم حتیٰ کہ شہدا کے ورثا سے آج تک معافی نہیں مانگی جو بذات خود گواہی ہے کہ یہ سیاسی عمل نہیں بغاوت کا منظم منصوبہ تھا۔‘
وزیراعظم نے کہا قوم آج کے دن شہدا اور غازیوں کو سنہرے الفاظ میں یاد کر رہی ہے۔ ’شہدا کے ورثا کے درمیان ہونا  میرے لیے قابل فخر ہے۔‘

شیئر: