Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کے اجلاس میں حج سیزن کی تیاریوں کا جائزہ

کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان کی زیر صدارت ہوا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کے کے ہفتہ وار اجلاس میں حج کے حوالے سے کی جانے والی تیاریاں اور مختلف اداروں کی رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ’ اللہ کے گھر کے مہمانوں اور مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے‘۔
اجلاس میں مکہ، مدینہ اور مقدس مقامات میں داخلے کے طریقہ کار اور خدمات کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کےلیے ہدایت کی گئی۔
کابینہ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یوکرین کے صدر کے ٹیلی فونک رابطے سمیت مختلف ملکوں کے ساتھ حالیہ سفارتی مکالموں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے کابینہ اجلاس کی کارروائی کے بارے میں سعودی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ اجلاس کے شرکا نے علاقائی اورعالمی حالات پرتبادلہ خیال کیا۔
سعودی کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے فلسطین کو تنظیم کی رکنیت دینے کی حمایت میں قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا۔
اجلاس میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف  اسرائیلی افواج کی بڑھتی ہوئی عسکری کاروائیوں کو فوری طورپر روکنے کی ضرورت اور اس بات پر بھی زوردیا گیا کہ فلسطین میں امدادی کاموں کے سلسلے میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو فوری طورپر ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
 اجلاس میں مختلف امور فیصلے صادر کیے گئے۔ وزیر داخلہ یا ان کے مقرر کردہ نمائندے کو امریکہ کے ساتھ دوطرفہ معلومات کے تبادلہ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار تفویض کیا گیا۔
سعودی عرب اور بحرین کے مابین وزارت مالیات کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری جاری کی گئی۔
اجلاس میں مختلف عہدوں پرفائز اہلکاروں کی ترقیوں کی بھی منظوریاں دی گئی ہیں۔

شیئر: