Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا 100 کا بیلنس لوڈ کروانے پر نان فائلرز کو 90 روپے ٹیکس ادا کرنا ہو گا؟

نان فائلر صارف سے بیلنس لوڈ کروانے پر اضافی ٹیکس کاٹا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
انکم ٹیکس کے گوشوارے نہ جمع کروانے والوں کی جہاں موبائل سمز بند کی گئی ہیں وہیں اضافی 90 فیصد تک وِد ہولڈنگ ٹیکس عائد کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعلیٰ افسران نے اُردو نیوز کو بتایا کہ نان فائلرز کی سمز پر وِد ہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا تاہم یہ تجویز زیرِ غور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الوقت اسلام آباد ہائیکورٹ نے نان فائلرز کی سمز بند کرنے سے روک دیا ہے، اب دیکھ رہے ہیں کہ عدالت اس پر کیا فیصلہ سناتی ہے۔
وِد ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے سے متعلق زیرِ غور تجویز کے تحت اگر کوئی نان فائلر صارف 100 روپے کا بیلنس موبائل میں لوڈ کروائے گا تو اُس میں سے 90 روپے ٹیکس کی مد میں کاٹے جائیں گے۔
’اگر موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے سمز بلاک کرنے کے باوجود بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے جاتے اور اگر کوئی دوسری موبائل فون سم نکلوا کر استعمال کرے گا تو اُس صورت میں بھی نان فائلرز کو 90 فیصد اضافی ٹیکس دینا پڑے گا۔‘
ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس تجویز کی منظوری کی صورت میں نان فائلرز پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے تک اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد رہے گا۔
مزید برآں انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کو ہر دفعہ لوڈ کرانے پر اضافی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت نان فائلرز کے لیے موبائل بیلنس لوڈ کروانے پر کوئی اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جا رہا۔

ایف بی آر نے نال فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کا کہا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

تمام صارفین کو موبائل بیلنس پر دو قسم کے ٹیکسز ادا کرنا پڑتے ہیں جس میں ود ہولڈنگ اور جنرل سیلز ٹیکس شامل ہیں۔
’100 روپے کے ریچارج پر 27.24 روہے ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جاتے ہیں۔‘
ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار پاکستان کے ترجمان سعد وڑائچ کا کہنا ہے کہ صارفین کو 100 روپے کا بیلنس لوڈ کروانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد 86.96 روپے کا بیلنس ملتا ہے جبکہ فون کالز اور انٹرنیٹ کے استعمال پر صارفین سے جی ایس ٹی بھی وصول کیا جاتا ہے۔
’جی ایس ٹی عائد ہونے کے بعد یہ رقم 72.76 روپے بنتی ہے۔ یوں 100 روپے کے ریچارج پر 27.24 روہے ٹیکس کی مد میں کاٹ لیے جاتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ ایف بی آر نے 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی شناخت کرنے والی فہرستیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ٹیلی کام کمپنیوں کو شیئر کرتے ہوئے اُنک ی سمز بند کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے ٹیلی کام کمپنیوں کو نان فائلرز کی سمز بند کرنے سے روک دیا گیا۔

شیئر: