Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آمنہ شیخ کی شوبز میں واپسی، ’لوگوں کو بہتر اور مثبت سوچ دینا چاہتی ہوں‘

پاکستانی اداکارہ آمنہ شیخ جلد چھوٹی سکرین پر دوبارہ نظر آئیں گی۔ وہ شوبز میں اپنی واپسی کے حوالے سے پرجوش ہیں اور امید کر رہی ہیں کہ وہ اداکاری کے ذریعے ناظرین کی مثبت زندگی کی طرف رہنمائی کریں گی۔
’میرا سائیں‘، ’میں عبدالقادر ہوں‘، ’دل نادان‘، ’جیکس ہائیٹس‘ اور ’مراۃ العروس‘ جیسے ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’دو پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور ناظرین جلد مجھے سکرین پر دیکھیں گے۔‘
معروف ماڈل و اداکارہ آمنہ شیخ نے کراچی میں اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’15 سال انڈسڑی میں کام کرنے کے بعد عوام سے ایک تعلق بن چکا ہے۔ میری کوشش ہے کہ ایسے موضوعات پر کام کروں جن سے عوام کو فائدہ بھی پہنچے اور اچھا مواد بھی دیکھنے کو ملے۔‘
انڈسٹری میں مختصر دورانیے کی فلم یا ڈرامے کے ذریعے واپسی کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے لیے عوام کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا، طویل عرصے بعد انڈسٹری میں واپسی ہورہی ہے، اس لیے تحمل سے آہستہ آہستہ کام کے بارے میں آگاہی دینا چاہتی ہوں۔‘
آمنہ شیخ نے کہا کہ ’لوگ فنکاروں کو دیکھ کر انہیں فالو کرتے ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مثبت کام کریں اور عوام کو ایک بہتر اور مثبت سوچ دیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دنیا بھر میں پاکستانی ڈرامے ہماری پہچان ہیں، انڈسٹری میں اس وقت بہت اچھا کام ہورہا ہے۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’ہمارے اداکار فیلڈ سے سیکھ کر اپنے جوہر منوا رہے ہیں، پاکستان میں ایسا نظام تو موجود نہیں کہ کوئی اداکاری میں گریجویٹ کرکے فیلڈ میں آئے، ایکٹرز سیٹ اور سینیئرز سے سیکھ کر ہی فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔‘
آمنہ شیخ نے پاکستانی ڈراموں کی کہانی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر اداکار کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اچھی سٹوریز پر کام کرے۔ کہانی اچھی ہوگی تو ہی وہ عوام میں پسند کی جائے گی۔ ماضی میں ایسے بہت سے ڈرامے اور فلمیں کامیاب ہوئیں جن کی کہانی اچھی تھی۔ اسی طرح کا کانٹینٹ اگر بنایا جائے گا تو عوام اسے ضرور پسند کریں گے۔‘
شوبز سے وقفے کے بارے میں کیے گئے سوال کے جواب میں آمنہ شیخ کا کہنا تھا کہ ’وہ متحدہ عرب امارات میں اپنی فیملی کے ساتھ مقیم ہیں، گھر کو اور بچوں کو کچھ وقت دیا ہے۔‘

آمنہ شیخ تقریباً 3 سال کے وقفے کے بعد رواں سال ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہوئی ہیں (فوٹو: اردو نیوز)

ان کا کہنا تھا کہ ’کام اور جنون تو پاکستان میں ہے، اب ایک بار پھر فیلڈ کی طرف آنے کا فیصلہ کیا ہے تو جلد ہی میرا کام بھی عوام کے سامنے آئے گا۔‘
واضح رہے کہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ آمنہ شیخ نے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے ڈرامہ انڈسٹری کے علاوہ سوشل میڈیا سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے ستمبر 2021 میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے آخری پوسٹ کی تھی۔
آمنہ شیخ تقریباً 3 سال کے وقفے کے بعد رواں سال ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہوئی ہیں اور انہوں نے اپنی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ اپنے گھر میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود ہیں۔
اس سے قبل آمنہ شیخ اور محب مرزا کے درمیان علحیدگی ہو گئی تھی۔ 2005 سے شادی کے بندھن میں جڑے آمنہ شیخ اور محب مرزا نے سال 2019 میں اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔ محب مرزا سے طلاق کے بعد آمنہ شیخ نے دوسری شادی کی اور وہ اب متحدہ عرب امارات میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں۔

شیئر: