Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لامحدود انٹرنیٹ سروس پر بندش شروع

ریاض(نیوزڈیسک) سعودی موبائل کمپنیوں نے لامحدود انٹرنیٹ سروس پر بندش کے حوالے سے اتوار کو عملدرآمد شروع کردیا۔ یہ بندش پری پیڈلامحدود انٹرنیٹ سمز تک محدود ہے۔ بل والے لامحدود انٹرنیٹ سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ وضاحت STC، Zain اور Mobilyسمیت تینوں بڑی کمپنیوں نے بھی دی ہے جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ بھی اس حوالے سے پالیسی بیان جاری کرچکا ہے۔ سبق ویب سائٹ کو رپورٹ ملی ہے کہ زین کمپنی کے اہلکاروں کو ای میل کے ذریعے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمیونیکیشن بورڈ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے لامحدود انٹرنیٹ سمز کا اجراء بند کردیں۔ موبایلی نے بھی یہی اقدام کیا ہے۔ زین کے ملازمین کو جو ابی میل موصول ہوا ہے اسکا مضمون یہ ہے’’پری پیڈلامحدود انٹرنیٹ سروس سم کی فروخت اور توسیع بند کی جارہی ہے، عملدرآمد ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو 11بجکر59منٹ سے کردیا جائیگا۔‘‘دوسری جانب سعودی صارفین نے موبائل کمپنیوں کے فیصلے پر زبردست ناراضی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ صارفین نے تینوں کمپنیوں کا عوامی بائیکاٹ شروع کردیا ہے۔ مقامی شہریوں کی بیٹھکوں میں یہ سوالات پوری قوت کے ساتھ اٹھائے گئے کہ آخر موبائل کمپنیاں اپنے صارفین کے مفادات کا احترام کیوں نہیں کرر ہیں؟ ساتھ ہی اس اعتماد کا بھی اظہار کیا گیا کہ اگر صارفین ڈٹ گئے اور بائیکاٹ کے سلسلے میں مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا تو ایسی صورت میں ناممکن ہے کہ موبائل کمپنیاں صارفین کے مطالبات کو تسلیم نہ کریں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بائیکاٹ کا آغاز ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کردیا گیا۔ ایک لاکھ سے زیادہ تبصرے ریکارڈ وقت میں درج ہوئے۔ صارفین نے موبائل کمپنیوں کے دفاتر جانا بند کردیا۔ نیٹ پر کمپنیوں کے خلاف باقاعدہ احتجاجی مہم چلائی جارہی ہے۔ایک اطلاع یہ ہے کہ ہزاروں صارفین کمپنیوں سے بے نیاز ہوگئے ہیں۔

شیئر: