Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین کو مزید ایک ماہ کی مہلت، شاہ سلمان نے منظوری دیدی

 نئی مہلت30شوال تک رہے گی، غیر قانونی تارک وطن کو فنگر پرنٹس کے منفی اثرات، مقررہ فیسوں ، جرمانوں اور قید کی سزاﺅں سے استثنیٰ ملے گا

 
 
ریاض(واس) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اقامہ و محنت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین وطن کوقید، جرمانے اور فنگر پرنٹ کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت دیدی۔ شاہ سلمان نے اس سے قبل 90دن کی مہلت دی تھی جس کا آغاز یکم رجب 1438ھ سے ہواتھا۔ نئی مہلت کا اطلاق یکم شوال 1438ھ سے ہوگا۔ اس سے ہر ملک کے شہری فیضیاب ہوسکیں گے۔ یہ بات محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے جمعرات کو بتائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابقہ مہلت کی طرح نئی مہلت کے تحت بھی غیر قانونی تارک وطن کو فنگر پرنٹس کے منفی اثرات، مقررہ فیسوں ، جرمانوں اور قید کی سزاﺅں سے استثنیٰ ملے گا۔ الیحییٰ نے بتایا کہ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع کے حوالے سے تمام تدابیر کرلی گئیں۔ سعودی عرب کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں محکمہ پاسپورٹ کے استقبالیہ مراکز، غیرقانونی تارکین کی وطن واپسی کی کارروائی کرینگے۔ اسکے لئے افرادی قوت اور مشینی وسائل مہیا کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ کی ویب سائٹس پر بھی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔الیحییٰ نے تمام غیرقانونی تارکین سے اپیل کی کہ جن لوگوں نے سابقہ مہلت سے استفادہ نہیں کیا تھا وہ نئی مہلت سے فائدہ اٹھا کر پہلی فرصت میں مملکت سے رخصت ہوجائیں۔ جو لوگ سفری دستاویزات رکھتے ہوں وہ ریزرویشن کروا کر از خود واپس جاسکتے ہیں اور جن کو واپسی کے سفر کی کارروائی درکار ہو وہ اول وقت میں محکمہ پاسپورٹ کے استقبالیہ مراکز سے رجوع کرکے واپسی کا اہتمام کریں۔
 
 
 
 
 
 

شیئر: