Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے قطر کے ساتھ بلاواسطہ مکالمے کی دعوت دیدی

واشنگٹن۔۔۔۔۔امریکی دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں قطر بحران حل کرانے کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کو بلاواسطہ مکالمے پر آمادہ کیا جائیگا۔ دفتر خارجہ نے یہ اعلان خلیجی ممالک میں امریکی وزیر خارجہ کے 3روزہ دورے کے اختتام پر کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا خیال ہے کہ قطر بحران کے تمام فریقوں کو براہ راست مکالمے پر آمادہ کرنا اگلا اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں امید ہے کہ تمام فریق اس کی منظوری دیدیں گے اور ہم ثالثی کے سلسلے میں امیر کویت کا تعاون جاری رکھیں گے۔اس سے قبل باخبر ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے ٹلرسن کے افکار کا جائزہ لینے اور اگلے ہفتے تک جواب دینے کا وعدہ کرلیاہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہفتے یا اتوار کو خلیج کے دورے پر دوبارہ واپس آسکتے ہیں۔امریکہ کے 3عہدیداروں نے بلومبرگ کو بتایا کہ وزیر خارجہ نے سعودی عرب، مصر، امارات اور بحرین کے عہدیداروں کو مختلف اختیارات پیش کئے ہیں جنہیں کویتی ثالثی ختم ہوجانے کے ماحول میں روبہ عمل لایا جاسکتا ہے۔واشنگٹن کے حلقے ٹلرسن کی ثالثی کی تعبیر استعمال کررہے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ثالث وہ نہیں بلکہ امیر کویت ہی ہیں۔

شیئر: